0
Friday 20 Jul 2018 09:30

جعلی نیوز میڈیا روسی صدر کیساتھ کامیاب ملاقات کی غلط تصویر دکھا رہا ہے، ٹرمپ

جعلی نیوز میڈیا روسی صدر کیساتھ کامیاب ملاقات کی غلط تصویر دکھا رہا ہے، ٹرمپ
اسلام ٹائمز۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا کو عوام کا دشمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے دوسری ملاقات کی جانب دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے میڈیا پر لفظی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا، روسی صدر سے پہلی ملاقات کی عظیم کامیابی کو تسلیم کرنے میں ناکام رہا۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ روسی صدر سے ملاقات بڑی کامیابی تھی لیکن عوام کا حقیقی دشمن جعلی نیوز میڈیا اس کے برعکس تصویر دکھا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جعلی نیوز میڈیا چاہتا ہے کہ روس سے بڑا تصادم ہو، چاہے وہ تصادم ہمیں جنگ کی طرف ہی کیوں نہ لے جائے، میڈیا ایسا کرنے کی پوری کوشش کر رہا ہے اور اسے یہ بات برداشت نہیں ہورہی ہے کہ میں ولادی میر پیوٹن سے ممکنہ طور پر اچھے تعلقات قائم کرلوں گا۔ امریکی صدر نے کہا کہ میں روسی صدر سے دوسری ملاقات کی طرف دیکھ رہا ہوں تاکہ پہلی ملاقات میں زیر بحث آنے والی کئی باتوں میں سے کچھ پر عملدرآمد شروع کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ان باتوں میں دہشت گردی کو روکنا، اسرائیل کے لیے سیکیورٹی، جوہری عدم پھیلاؤ، سائبر حملے، تجارت، یوکرائن، مشرق وسطیٰ میں امن، شمالی کوریا اور دیگر امور شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان معاملات کے کئی جوابات ہیں جن میں سے کچھ مشکل اور کچھ آسان ہیں، لیکن ان تمام مسائل کا حل نکل سکتا ہے۔ واضح رہے کہ روسی صدر سے ہیلسنکی میں ملاقات کے بعد سے ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکا میں مختلف حوالوں سے تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ امریکی عوام کی بڑی تعداد اس ملاقات کو ولادی میر پیوٹن کی برتری تسلیم کرنے سے تشبیہ دے رہی ہے۔ پیوٹن کی ٹرمپ سے ملاقات کے ناقدین پر سخت تنقید دوسری جانب روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اپنی پہلی ملاقات کے مخالف امریکی ناقدین پر سخت تنقید کی ہے۔ ماسکو میں روسی سفیروں سے ملاقات کے دوران پیوٹن کا کہنا تھا امریکا میں بعض مخصوص طاقتیں اپنے پارٹی کے حقیر مفادات کی خاطر امریکا اور روس کے تعلقات کو قربان کرنا چاہتی ہیں۔ روسی صدر کا مزید کہنا تھا کہ ہماری ملاقات کے خلاف باتیں کرنے والے اپنے لاکھوں لوگوں کو صرف کہانیاں سنا رہے ہیں۔ دوسری جانب وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری سارا سینڈر نے بتایا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے مشیر قومی سلامتی جون بولٹن کو ہدایات جاری کی کہ وہ روسی صدر پیوٹن کو دورہ واشنگٹن کی دعوت دیں۔ روسی صدر پیوٹن کو ملاقات کیلئے دعوت نامہ امریکی صدر کے ٹویٹ کے بعد دیا گیا۔ اپنے ٹویٹ میں امریکی صدر نے کہا کہ وہ صدر پیوٹن سے ہونے وا لی ووسری میٹنگ کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

 
خبر کا کوڈ : 738983
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش