0
Friday 20 Jul 2018 15:30

وزیراعلٰی گلگت بلتستان نیشنل ایکشن پلان کو سیاسی مخالفین کیخلاف استعمال کر رہے ہیں، آغا راحت الحسینی

وزیراعلٰی گلگت بلتستان نیشنل ایکشن پلان کو سیاسی مخالفین کیخلاف استعمال کر رہے ہیں، آغا راحت الحسینی
اسلام ٹائمز۔ امام جمعہ گلگت آغا سید راحت علی الحسینی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں ملت تشیع کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے، ہم اپنے جائز حقوق کیلئے آواز بلند کرتے ہیں تو ہمیں شیڈول فورتھ اور انسداد دہشتگردی ایکٹ کے ذریعے دیوار سے لگانے کی کوشش کی جاتی ہے، وزیراعلٰی گلگت بلتستان تعصب کی بنیاد پر حکومت کر رہے ہیں اور عوام کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آغا راحت حسین نے کہا کہ شاہراہوں کی زد میں ہماری زمینیں آئیں لیکن حکومت معاوضہ دینے کیلئے تیار نہیں، جب ہم انتظامیہ سے کہتے ہیں تو کہا جاتا ہے کہ پیسہ آیا ہوا ہے، جب پیسہ آیا ہوا ہے تو دیتے کیوں نہیں یہ ملک جس مقصد کیلئے بنا تھا اسکے مطابق نہیں چل رہا، گلگت بلتستان میں اہل تشیع کو حق ملکیت، حق حاکمیت سے محروم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ان کا کیا قصور ہے ہم کہاں فریاد لے کر جائیں، کس کے دروازے پر دستک دیں۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کو سیاسی انتقام کے طور پر سیاسی مخالفین کو زیر کرنے کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے، جس کیخلاف عوامی ایکشن کمیٹی احتجاج کرنے جا رہی ہے، عوام سے گزارش ہے کہ اس احتجاج میں بھرپور شرکت کریں، کیونکہ عوامی ایکشن کمیٹی نے بڑی کوششوں سے گلگت بلتستان میں فرقہ واریت کی لعنت کو ختم کر دیا ہے، فرقہ وارانہ ہم آہنگی پیدا کی ہے، اس کمیٹی میں شیعہ، سنی، اسماعیلی سب کی نمائندگی ہے اور عوامی ایکشن کمیٹی متعصب حکومت کی ناجائز خواہشات کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، یہی وجہ ہے کہ حکومت کبھی فورتھ شیڈول اور کبھی اے ٹی اے کے ذریعے سیاسی انتقام لینے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر عوام عوامی ایکشن کمیٹی سے تعاون نہیں کرینگے تو یہ متعصب حکومت سب کو دیوار سے لگائے گی، آغا راحت حسینی نے کہا کہ انتظامیہ سے گزارش ہے کہ وہ پاکستان کے مفاد کو دیکھیں وزیراعلٰی کے مفاد کو نہ دیکھیں، کیونکہ یہ وزیراعلٰی تعصب کی بنیاد پر حکومت کر رہے ہیں، انتظامیہ کو چاہیئے کہ وہ متصب وزیراعلٰی کی باتوں میں نہ آئے۔
خبر کا کوڈ : 739047
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش