QR CodeQR Code

کالعدم جماعتوں کے راہنماؤں کو الیکشن لڑنے کی اجازت ملنا المیہ ہے، صاحبزادہ حامد رضا

20 Jul 2018 18:29

انتخابی اجتماعات سے خطاب میں چیئرمین سنی اتحاد کونسل کا کہنا تھا کہ نگران حکومت الیکشن ڈے کیلئے سیکورٹی کے فُول پروف انتظامات کرے کیونکہ امریکہ اور بھارت الیکشن کو سبوتاژ کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں، بار بار اقتدار میں آنے والوں نے جیبیں بھرنے کے سوا کچھ نہیں کیا، ہم نظام مصطفٰے کی حکمرانی چاہتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ الیکشن میں مودی کے یار اور ختم نبوت کے غدار عبرت کا نشان بنیں گے، شکست خوردہ عناصر الیکشن کو متنازعہ بنانے کی سازش کر رہے ہیں، الیکشن کو متنازعہ بنانا ملک کے مفاد میں نہیں، فوج اور عدلیہ پر الزامات لگانے والے پاکستان کے خیرخواہ نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹرز اگلے 5 سال ذلت اور اذیت سے بچنے کیلئے دیانتدار امیدواروں کو ووٹ دیں، ہماری انتخابی لڑائی ظلم و استحصال سے رہائی کیلئے ہے، قوم ختم نبوت کے پروانوں کو اسمبلیوں میں بھیجے تاکہ آئین کی اسلامی دفعات کا تحفظ کیا جا سکے، کھرب پتی سرمایہ دار غریبوں کی لڑائی نہیں لڑ سکتے، کرپٹ اشرافیہ سے نجات حاصل کئے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا، عابد باکسر کے انکشافات کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنائی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے این اے 110 میں مختلف انتخابی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ پاکستان کا روشن مستقبل 25 جولائی کے انتخابات سے وابستہ ہے، ہم اقتدار نہیں اسلام اور پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں، ووٹرز گھوڑے کے نشان پر مہر لگا کر ختم نبوت کے غداروں کو جواب دیں، نگران حکومت الیکشن ڈے کیلئے سکیورٹی کے فُول پروف انتظامات کرے کیونکہ امریکہ اور بھارت الیکشن کو سبوتاژ کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں، بار بار اقتدار میں آنے والوں نے جیبیں بھرنے کے سوا کچھ نہیں کیا، ہم نظام مصطفٰے کی حکمرانی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 25 جولائی اسلام اور پاکستان کے متوالوں کی جیت کا دن ہے، الیکشن کے بعد سیاسی عدم استحکام بڑھنے کا اندیشہ ہے، کالعدم جماعتوں کے راہنماؤں کو الیکشن لڑنے کی اجازت ملنا المیہ ہے، ہماری لڑائی عوام کے مسائل اور عوام دشمن نظام کے ساتھ ہے، مڈل کلاس کے پڑھے لکھے اور دیانتدار نمائندے اسمبلیوں میں پہنچیں گے تو ملک و قوم کے مسائل حل ہوں گے، سیاست کو کھرب پتی سرمایہ داروں کے چنگل سے آزاد کروانے کی ضرورت ہے۔


خبر کا کوڈ: 739063

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/739063/کالعدم-جماعتوں-کے-راہنماؤں-کو-الیکشن-لڑنے-کی-اجازت-ملنا-المیہ-ہے-صاحبزادہ-حامد-رضا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org