QR CodeQR Code

حنیف عباسی ایفیڈرین کیس، عدالت آج فیصلہ سنائے گی

21 Jul 2018 05:59

خصوصی عدالت کے جج نے کہا کہ وہ ماتحت ہونے کے ناطے عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد کرنے کے پابند ہیں، انھوں نے حنیف عباسی کے وکیل سے کہا کہ دلائل سنیں گے، چاہے اگلا دن بھی آ جائے اور دلائل سننے کے بعد چیمبر میں بیٹھ کر فیصلہ لکھیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کے خلاف ایفیڈرین کوٹہ کیس میں فیصلہ آج آئے گا، ماتحت عدالت میں دلائل کے لئے مزید وقت دینے کی درخواست سپریم کورٹ میں مسترد کردی گئی۔ انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کے جج نے درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ انہیں 21 جولائی کو ہی کیس کا فیصلہ دینا ہے، مزید وقت نہیں دیا جا سکتا، حنیف عباسی کے وکیل نے کہا کہ ابھی دلائل مکمل نہیں ہو سکتے، جس حد تک دلائل دے سکے دیں گے۔ راولپنڈی کی انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کے جج محمد اکرم خان نے درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہائیکورٹ سے کیس کی سماعت اور فیصلے کے لئے دس دن مانگے تھے مگر ہائیکورٹ نے درخواست مسترد کر دی، خصوصی عدالت کے جج نے کہا کہ وہ ماتحت ہونے کے ناطے عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد کرنے کے پابند ہیں۔

انھوں نے حنیف عباسی کے وکیل سے کہا کہ دلائل سنیں گے، چاہے اگلا دن بھی آ جائے اور دلائل سننے کے بعد چیمبر میں بیٹھ کر فیصلہ لکھیں گے۔ اس موقع پر اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے وکیل نے گواہ نعیم کا بیان عدالت میں پڑھ کر سنایا اور کہا کہ گواہ نے بیان دیا ہے، اس کا سرٹیفیکٹ دینا چاہتے ہیں، جس پر حنیف عباسی کے وکیل نے کہا کہ گواہ کے بیان کی کلیریکل غلطیوں کو اس موقع پر درست نہیں کیا جا سکتا، گواہ نے 2015ء میں بیان ریکارڈ کروایا اور نیب دلائل مکمل کر چکی ہے۔
 


خبر کا کوڈ: 739110

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/739110/حنیف-عباسی-ایفیڈرین-کیس-عدالت-آج-فیصلہ-سنائے-گی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org