0
Saturday 21 Jul 2018 12:19

سی پیک سے ہمیں کوئی فائدہ نہیں ہوگا، سردار اختر مینگل

سی پیک سے ہمیں کوئی فائدہ نہیں ہوگا، سردار اختر مینگل
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ و قائد سردار اختر جان مینگل نے گوٹھ اسماعیلانی میں کارنر میٹنگ کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم الیکشن تک محدود نہیں۔ وہ لوگ الیکشن میں آکر ووٹ مانگتے ہیں، ہم ان میں سے نہیں۔ ہماری سیاست کا محور بلوچستان ہے۔ آپ تمام تعلیم یافتہ اور با شعور ہیں۔ آپ لوگ خود محسوس کر رہے ہیں کہ ہماری بد حالی کی وجہ کیا ہے۔ یہ وہ سر زمین ہے جہاں ماہانہ اربوں روپے کی کمائی ہو رہی ہے۔ باہر کے لوگ یہاں آباد ہیں۔ ہمارے لوگ ایک وقت کی روٹی کے لئے بھی محتاج ہیں۔ یہ الجبراء کا فارمولہ نہیں ہے، بلکہ سیدھا حساب ہے۔ ہم نے کبھی ضمیر کا سودا نہیں کیا۔ سیاست میں پہلی بار 1988ء میں قدم رکھا اور لسبیلہ سے الیکشن لڑا اور بیلہ کی عوام نے جو ہمیں عزت دیں، آج بھی ہمیں یاد ہے۔ والد محترم کی سیاست کی بدولت ہمیں عزت ملی۔ میں اپنی طرف سے اپنے بھائیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ بڑی بڑی طاقتیں ہماری مخالف تھیں۔

سردار اختر جان مینگل نے مزید کہا کہ آج بھی لوگ نیپ کی حکومت کو کیوں یاد کر رہے ہیں۔؟ کیونکہ اس حکومت نے بلا رنگ ونسل عوام کی خدمت کی۔ ووٹ ڈالنے میں پانچ منٹ بھی نہیں لگتے، پانچ منٹ کا فیصلہ آپ کی پانچ سالوں کی قسمت کا فیصلہ ہے۔ اگر آپ نے اچھا فیصلہ کیا تو آنے والے پانچ سال آپ کے اچھے انداز میں گزریں گے۔ ہم لسبیلہ کی سیاست نہیں کرتے ہم تو پورے بلوچستان کی سیاست کر رہے ہیں۔ بلوچستان اسمبلی میں ہم نے بل پاس کروایا، کہ پندرہ فیصد گوادر میں جو بھی سرمایہ کاری ہوگی، اس میں سے پندرہ فیصد ٹیکس لگے گا اور اس ٹیکس کی رقم مکران اور بیلہ کی غربت کے خاتمے کے لئے استعمال ہوگی۔ سی پیک سے ہمیں کوئی فائدہ نہیں ہوگا اور نہ ہی کچھ ملے گا۔
خبر کا کوڈ : 739159
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش