0
Sunday 22 Jul 2018 11:47

کلاچی، پی ٹی آئی امیدوار سردار اکرام اللہ خان گنڈہ پور خودکش حملے میں جاں بحق

کلاچی، پی ٹی آئی امیدوار سردار اکرام اللہ خان گنڈہ پور خودکش حملے میں جاں بحق
اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ سماعیل خان کی تحصیل کلاچی میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار اکرام اللہ خان گنڈہ پور کے قافلے پر خودکش حملہ ہوا۔ حملہ آور نے سردار اکرام خان کی گاڑی کے بالکل قریب پہنچ کر خود کو دھماکے سے اڑا دیا، جس کے نتیجے میں 7 افراد زخمی ہوگئے ہیں جبکہ اکرام اللہ خان گنڈہ پور کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹرز ان کی زندگی بچانے کی سرتوڑ کوشش کرتے رہے، تاہم ان کی یہ کوششیں بارآور ثابت نہ ہوئیں اور کچھ دیر قبل سابق صوبائی وزیر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔ نمائندہ اسلام ٹائمز کے مطابق اکرام اللہ خان گنڈہ پور اپنی انتخابی مہم کے سلسلے میں کلاچی کے محلہ کمال خیل میں ہارون فقیر کے گھر کے نزدیک موجود تھے۔ حملہ آور ان کی آمد سے پوری طرح باخبر تھا، ان کی گاڑی جونہی پہنچی، حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا، جس کے نتیجے میں اکرام خان کی گاڑی کا ڈرائیور موقع پہ ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ سات افراد اس حملے میں زخمی ہوئے ہیں، اکرام اللہ خان خود بھی اس حملے میں زخمی ہوئے تھے۔ مقامی پولیس بھی ان کی نقل و حرکت کے پروگرام سے آگاہ تھی۔ خودکش حملے کے بعد امدادی ٹیموں نے فوراً جائے وقوعہ سے زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ سکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لیکر شواہد اکھٹے کرنا شروع کردیے تھے۔ سابق صوبائی وزیر اکرام خان گنڈہ پور کو پہلے کلاچی ہسپتال اور پھر سی ایم ایچ ڈی آئی خان منتقل کیا گیا تھا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔

واضح رہے کہ اکرام خان گنڈہ پور کے بھائی صوبائی وزیر قانون سردار اسرار اللہ خان گنڈہ پور کو بھی خودکش حملے میں اس وقت نشانہ بنایا گیا تھا، جب وہ اپنے ڈیرے پہ علاقہ مکینوں سے عید ملنے میں مصروف تھے۔ اکرام خان گنڈہ پور نے اپنے بھائی کے قتل میں پی ٹی آئی کے ہی وزیر مالیات علی امین گنڈہ پور کو ملوث قرار دیا تھا۔ حال ہی میں اکرام خان گنڈہ پور نے سی ٹی ڈی اور ڈی پی او کو باقاعدہ درخواست میں علی امین خان کی گرفتاری اور اسے ملوث تفتیش کرنے کا مطالبہ کیا۔ مقامی انتظامیہ کی جانب سے ان کی درخواست پہ عملدرآمد نہ ہونے کے باعث اکرام خان نے احتجاج کا اعلان کیا تھا اور ڈیرہ ٹانک روڈ کو ہتھالہ کے مقام پہ بند کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے دھرنے دینے کا اعلان کیا تھا۔ اس سے قبل کہ وہ اپنے اعلان پہ عملدرآمد کرتے، ان کے اپنے اوپر خودکش حملہ ہوگیا، جس میں وہ شدید زخمی ہونے کے بعد چل بسے۔ سابق صوبائی وزیر اکرام اللہ خان گنڈہ پور سابق وزیراعلٰی عنایت اللہ خان گنڈہ پور کے صاحبزادے اور شہید اسرار اللہ خان گنڈہ پور کے بھائی تھے۔ گنڈہ پور خاندان کی محسود اور وزیر قبائل سے پرانی دشمنی تھی اور اسی دشمنی کے ناطے انہوں نے پورے کلاچی میں کسی بھی بیرونی قبائل سے تعلق رکھنے والوں کو جائیداد نہیں خریدنے دی تھی۔
خبر کا کوڈ : 739386
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش