QR CodeQR Code

وزارت خارجہ کے مسئولین سے خطاب

صدر روحانی کی دھمکی ریاست کے اصولوں کے مطابق ہے، رہبر انقلاب

22 Jul 2018 13:04

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت امور خارجہ کے عہدہ داران سے خطاب میں کہا ہے کہ قومی مفادات کا حصول اور انکی حفاظت ملک کی خارجی سیاست کا اصلی ہدف ہے۔ ہم صحیح انقلابی فکر، ماہرانہ اور ہدفمند ڈپلومیسی کے ساتھ بیرونی رابطوں کو بڑھا سکتے ہیں۔ نظام کے مقتدر عناصر کو اپنی مستحکم سفارتی سرگرمیوں کیلئے اہم ستون کے طور پر تبدیل کر سکتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے تہران میں وزارت امور خارجہ کے عہدہ داروں اور دوسرے ممالک میں متعین اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیروں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں جو اسلامی جمہوریہ ایران اور اسلام مخالف قوتوں کے درمیان نیا محاذ کھل چکا ہے اس میں آپ کی سفارتی فعالیت خداوند کریم کی جانب سے اجر کی مستحق ہے اور ایرانی قوم کی حقانیت کا دفاع ہے۔ آپ نے کہا کہ بحران اور سختیوں میں غیرتمند، صابر اور عقلمند انسان اپنی کوششوں کو کئی برابر بڑھا دیتے ہیں اور کام کی کیفیت اور اسکی وسعت کو کئی برابر زیادہ کر دیتے ہیں۔ ہمارے سفارتی اداروں میں اپنے کاموں کو نئے انداز میں انجام دینے کا جذبہ پیدا ہونا چاہیئے۔ آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ اپنے اندر دینی اقدار کا تحفظ اور اپنی روح کو پاک رکھنا، اپنے خاندان کو اسلامی اقدار کا پابند رکھنا، اپنے کردار اور اپنی گفتار کو شرعی مسائل کے مطابق رکھنا اسلامی جمہوریہ ایران کے بیرون ملک سفارت کاروں کی اہم ذمہ داری ہے۔ وزارت امور خارجہ اور خصوصا اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر جو بیرونی ممالک میں متعین ہیں ان کو عمیق انداز میں اسلامی اقدار اور انقلابی اصولوں کا خیال رکھنا چاہیئے، انکا قول و فعل ان انقلابی اقدار کا آئینہ دار ہو۔
 
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے سفارتکاروں کے اس اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بعض لوگ غلط انداز میں ڈپلومیسی اور آئیڈیالوجی میں جدائی کی بات کرتے ہیں جبکہ آئیڈیالوجک ڈپلومیسی میں کوئی حرج نہیں ہے۔ یہاں پر آئیڈیالوجی اور قومی مفادات کے درمیان مقابلے کی بات کرنا منطقی اور صحیح بات نہیں ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے کہا کہ جمہوری اسلامی کی تشکیل کا ہدف ملی مفادات، استقلال، آزادی، عدالت اجتماعی اور ملی قوت اور امنیت کی حفاظت ہے۔ آئیڈیالوجی ملی مفادات کی ضمانت اور حفاظت چاہتی ہے اور اسی بنا پر ایک قوم کا تشخص قرار پاتی ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر جناب حسن روحانی کی بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ صدر کی بات اہم تھی جو ہمارے نظام پر حاکم اصولوں کے مطابق ہے۔ رہبر انقلاب نے کہا کہ یہ وزارت خارجہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ صدر کے اس واضح موقف کو سنجیدگی کے ساتھ لیں۔ یاد رہے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے گذشتہ دورہ یورپ کے دوران کہا تھا کہ اگر ایران کو تیل کی برآمدات سے روکا گیا تو خطے میں کوئی ملک بھی تیل ایکسپورٹ نہیں کر سکے گا۔


خبر کا کوڈ: 739391

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/739391/صدر-روحانی-کی-دھمکی-ریاست-کے-اصولوں-مطابق-ہے-رہبر-انقلاب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org