0
Sunday 22 Jul 2018 19:15
انتخابی سیاست میں متحدہ مجلس عمل کو ایک اور دھچکہ

مرکزی جمعیت اہلحدیث کے بعد جمعیت علمائے پاکستان نے بھی (ن) لیگ کی حمایت کر دی

مرکزی جمعیت اہلحدیث کے بعد جمعیت علمائے پاکستان نے بھی (ن) لیگ کی حمایت کر دی
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سابق اتحادیوں کو منانے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس حوالے سے سابق وزیر ریلوے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے لاہور میں جمعیت علمائے پاکستان (نورانی) کے سیکرٹری جنرل شاہ اویس نورانی سے ملاقات کی اور الیکشن میں حمایت کرنے کی اپیل کی۔ جے یو پی کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے خواجہ سعد رفیق کو مکمل حمایت کی یقین دہانی کروا دی۔ جے یو پی کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کی حمایت سے ایم ایم اے کو شدید دھچکہ لگا ہے۔ اس سے قبل مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سربراہ پروفیسر ساجد میر نے بھی خواجہ سعد رفیق کیساتھ ملاقات کے بعد مسلم لیگ کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں شاہ اویس نورانی کا کہنا تھا کہ  خواجہ سعدر فیق کیساتھ ہمارا روحانی و قلبی رشتہ ہے، جو ہمیشہ قائم رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس حلقے کے لوگوں کو شعور ہونا چاہیے کہ خواجہ سعد رفیق نے 5 سال ملک کی خدمت کی ہے، خواجہ سعد رفیق نے پاکستان ریلوے کو ترقی دی، جس کی بدولت ریلوے آج اپنے پاؤں پر کھڑا ہے۔ شاہ اویس نورانی نے کہا کہ جے یو پی خواجہ سعد رفیق کی انتخابی مہم  میں بھرپور تعاون کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ ملک کے آئین اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کرنیوالوں کو ووٹ دیں، کچھ لوگوں نے غیر مہذب معاشرہ تشکیل دیا، لعن طعن کا جو بیج بویا گیا، کیا یہ جمہوری طرز عمل ہے۔؟ شاہ اویس نورانی نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو مہذب سیاست کا سوچنا ہوگا، معاشرے میں جس شدت پسندی اور عدم برداشت کو فروغ دیا جا رہا ہے اس کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے ۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتیں معاشرے سے تہذیب کو واپس لائیں، لاہور میں اکثریتی ووٹوں سے جیتیں گے، عمران خان نے انقلاب کے نام پر بے حیائی کو فروغ دیا، پی ٹی آئی والوں کو کسی کی عزت نفس مجروح کرنے کے علاوہ کوئی کام نہیں کیا، اس کے نتائج بھیانک ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے نتائج سے سب پتہ چل جائے گا، عوام کس کیساتھ ہیں، لاہور مسلم لیگ ن کا قلعہ ہے اسے کوئی فتح نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی گفتگو کے حوالے سے کچھ نہیں کہنا چاہتا، سب حقیقت عوام کے سامنے آ چکی ہے۔ حنیف عباسی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ حنیف عباسی کےخلاف فیصلہ بھٹو  یا نواز شریف کے فیصلوں جیسا ہی ہے ان کے ساتھ سخت ناانصافی ہوئی ہے اور حنیف عباسی کےخلاف فیصلے پر بہت سے سوالات اٹھیں گے۔
خبر کا کوڈ : 739491
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش