0
Sunday 22 Jul 2018 19:44

اکرام اللہ گنڈہ پور کی شہادت، پی کے 99 میں انتخابات ملتوی

اکرام اللہ گنڈہ پور کی شہادت، پی کے 99 میں انتخابات ملتوی
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں سابق صوبائی وزیر اور پی کے 99 سے تحریک انصاف کے نامزد امیدوار سردار اکرام گنڈہ پور کی خودکش حملے میں شہادت کے بعد الیکشن کمیشن نے حلقہ پی کے 99 کی نشست پر انتخابات ملتوی کر دیئے ہیں۔ پی کے 99 کی نشست پر انتخابات تحریک انصاف کے امیدوار اکرام اللہ گنڈہ پور کی شہادت کے باعث ملتوی کئے گئے ہیں، جس پر الیکشن عام انتخابات کے بعد ہوں گے۔ واضح رہے کہ آج صبح سابق صوبائی وزیر سردار اکرام اللہ خان گنڈہ پور کی گاڑی کے قریب دھماکہ ہوا تھا جس سے وہ زخمی ہوگئے تھے۔ انہیں زخمی حالت میں سی ایم ایچ پشاور منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔ حادثے میں ان کا ڈرائیور پہلے ہی جاں بحق ہو چکا تھا۔ حادثے میں 2 محافظ اور راہگیر بھی زخمی ہوئے۔ اکرام اللہ خان گنڈہ پور صوبائی حلقہ پی کے 99 سے الیکشن میں حصہ لے رہے تھے۔

دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے خود کش حملے میں اکرام اللہ گنڈہ پور کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ملوث افراد کو عبرتناک سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اکرام اللہ گنڈہ پور کی شہادت پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکرام اللہ گنڈا پور کی تحریکِ انصاف سے گہری وابستگی تھی۔ عمران خان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دشمن بلا تمیز و تفریق انتشار کیلئے ہاتھ پاؤں مار رہا ہے، لیکن وہ ہمارے عزم میں شگاف ڈال سکتا ہے نہ ہی تقسیم میں کامیاب ہوگا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی جامع تحقیقات کرکے ذمہ داروں کو عبرتناک سزا دی جائے اور الیکشن کمیشن انتخابات کے پرامن انعقاد اور امیدواروں کی سکیورٹی کو ترجیح دے۔
خبر کا کوڈ : 739543
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش