0
Monday 23 Jul 2018 13:34

انتخابی مہم کا آخری دن، تمام سیاسی جماعتیں ووٹرز کو مائل کرنے میں مصروف

انتخابی مہم کا آخری دن، تمام سیاسی جماعتیں ووٹرز کو مائل کرنے میں مصروف
اسلام ٹائمز۔ الیکشن ایکٹ 2017ء کے مطابق ملک بھر میں انتخابی مہم کا آج آخری روز ہے اور تمام سرکردہ سیاسی جماعتوں نے عوامی مقبولیت کے پاور شو کی تیاریاں کرلی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں نئے عوامی نمائندوں کا انتخاب 25 جولائی کو ہوگا لیکن قانون کے مطابق سیاسی جماعتیں اور آزاد امیدواروں کے پاس انتخابی جلسوں کا آج آخری روز ہے، سیاسی اکھاڑنے میں اترنے والوں کو آج رات 12 بجے اپنی انتخابی مہم کو ہر صورت ختم کرنا ہوگا۔ الیکشن کمیشن نے انتخابی مہم کے حوالے سے سیاسی جماعتوں، امیدواروں اور میڈیا کے لئے ہدایات نامہ بھی جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق الیکشن ایکٹ 2017ء کی شق 182 کے تحت تمام سیاسی جماعتیں اور امیدوار پولنگ کے روز سے 48 گھنٹے پہلے انتخابی مہم ختم کرنے کے پابند ہیں، 23 اور 24 جولائی کی درمیانی شب انتخابی مہم ختم کر دی جائے، اس کے بعد کسی قسم کے جلسے جلوس، ریلیوں یا کارنر میٹنگز پر پابندی ہوگی۔ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر بھی سیاسی جماعتوں کے اشتہارات آج رات کے بعد چلانے پر پابندی ہوگی۔

سیاسی جماعتوں کی انتخابی سرگرمیاں:
انتخابی مہم کے آخری دن ملک کی تمام سیاسی جماعتیں آج اپنی طاقت کے بھرپور اظہار کے لئے تیار ہیں۔  مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف آج ڈیرہ غازی خان اور راولپنڈی میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کریں گے جبکہ حمزہ شہباز لاہور میں موچی گیٹ سے داتا دربار تک ریلی کی قیادت کریں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے انتخابی مہم کا آخری دن لاہور کے کھلاڑیوں کے نام کیا ہے۔ وہ این اے 125، 128، 131 اور این اے 134 میں کارکنوں اور عوام سے خطاب کریں گے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی جیکب آباد اور شکارپور میں جلسوں سے خطاب کریں گے، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں متحدہ مجلس عمل کی جانب سے پاور شو ہو رہا ہے، جس سے مولانا فضل الرحمٰن اور سراج الحق سمیت دیگر قائدین خطاب کریں گے۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی جانب سے آج کراچی کے لیاقت آباد فلائی اورر میں آخری انتخابی جلسہ کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ الیکشن ایکٹ 2017ء کے مطابق الیکشن ایکٹ 2017ء کی شق 182 کے تحت تمام سیاسی جماعتیں اور امیدوار پولنگ کے روز سے 48 گھنٹے پہلے انتخابی مہم ختم کرنے کے پابند ہیں، اس کی خلاف ورزی کرنے پر ایک لاکھ روپے جرمانہ یا دو سال قید یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 739697
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش