QR CodeQR Code

جسٹس صدیقی کا بیان ہمارے موقف کی تائید ہے، سینیٹر عثمان کاکڑ

23 Jul 2018 19:43

کوئٹہ پریس کلب میں گفتگو کرتے ہوئے پشتونخوامیپ کے سینیٹر کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج کیجانب سے حقائق سامنے آنے پر غیر جمہوری قوتوں کو سیاست میں مداخلت سے دستبردار ہونا چاہیئے۔ ملک میں آج بھی سچ بولنے والے لوگ موجود ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پشتونخوامیپ کے صوبائی صدر وسینیٹر عثمان خان کاکڑ نے کہا ہے کہ ملک میں سینیٹ بے اختیار ہے۔ 70 سال گزرنے کے باوجود حقیقی فیڈریشن قائم نہیں ہوسکی۔ گذشتہ پانچ سالوں کے دوران صوبے میں منتخب حکومت کو ناکام بنانے کیلئے متوازی حکومت قائم کی گئی تھی۔ پارلیمنٹ اور آئین کی بالادستی پر یقین رکھنے والے جماعتوں کے آگے رکاوٹیں کھڑی کرکے غیر جمہوری قوتوں کو انتخابات میں کامیاب کرانے کیلئے ریاستی مشینری استعمال ہو رہی ہے۔ کوئٹہ پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی صدر پشتونخوامیپ کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی بے بسی ملک کی بدنامی کا باعث بن رہی ہے۔ گورنر ہاؤس غیر جانبدار ہے۔ 25 جولائی کو جمہوری اور غیر جمہوری قوتوں کے درمیان مقابلہ ہونے جا رہا ہے۔ خوف کا جمود توڑ کر کوئٹہ کے لوگ اپنے ووٹ کے ذریعے دھونس، دھمکی اور سیاسی رشوت کو ہمیشہ کیلئے دفن کر دیں۔ جسٹس صدیقی کا بیان ہمارے موقف کی تائید ہے۔ جو آواز ہم روز اول سے بلند کرتے چلے آ رہے ہیں، آج وہی آواز ملک کے معزز عدالتوں سے بلند ہو رہی ہے۔ ملک میں خطرناک انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔ غیر جمہوری قوتیں اسٹیبلشمنٹ واداروں کی جانب سے سر عام انتخابات میں مداخلت کی جا رہی ہے۔ جمہوری قوتوں کیخلاف صف بندی کرکے اسلام آباد میں رہنماؤں پر ہزاروں مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ نو مولود جماعت کے اصطبل خانے میں سرداروں اور نوابوں کو جمہوری قوتوں کیخلاف تیار کیا جا رہا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج کے جانب سے حقائق سامنے آنے پر غیر جمہوری قوتوں کو سیاست میں مداخلت سے دستبردار ہونا چاہیئے۔ ملک میں آج بھی سچ بولنے والے لوگ موجود ہیں۔


خبر کا کوڈ: 739781

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/739781/جسٹس-صدیقی-کا-بیان-ہمارے-موقف-کی-تائید-ہے-سینیٹر-عثمان-کاکڑ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org