0
Monday 23 Jul 2018 21:33

ایسے عمل سے اجتناب کیا جائے جس سے امت مسلمہ کے اتحاد کو کوئی خطرہ لاحق ہو، آغا سید حسن

ایسے عمل سے اجتناب کیا جائے جس سے امت مسلمہ کے اتحاد کو کوئی خطرہ لاحق ہو، آغا سید حسن
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے صدر دفتر پر انجمن کے اراکین اور عمائدین کا ایک اہم اجلاس صدر انجمن و سینئر حریت رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں مختلف قومی اور تنظیمی معاملات پر غور و خوض کیا گیا۔ مقررین نے انجمن شرعی شیعیان کے منشور کو نصب العین قرار دیتے ہوئے اس کو عملی جامہ پہنانے پر زور دیا اور اس سلسلہ میں صدر انجمن شرعی شیعیان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور موصوف کو اپنے ہرممکن تعاون کا مکمل یقین دلایا۔ آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے اجلاس کے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انجمن کو مزید فعال بنانے اور اس کی سرگرمیوں کے دائرہ میں وسعت لانے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے موجودہ سیاسی حالات کے تناظر میں امت مسلمہ کی ذمہ داریوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے قرآنی تعلیمات کو عملی زندگی کا حصہ بنانے پرزور دیا اور اتحاد بین المسلمین کو مزید مضبوط بنانے کے لئے عملی اقدامات کی تاکید کی۔

آغا سید حسن موسوی نے اتحاد بین المسلمین کو زک پہنچانے کے لئے اسلام دشمن قوتوں کی نت نئی سازشیں کا تذکرہ کرتے ہوئے کسی بھی ایسے عمل سے اجتناب کرنے کی اپیل کی، جس سے امت مسلمہ کے اتحاد کے شیرازہ کو کوئی خطرہ لاحق ہو۔ انہوں نے اپنی تقریر میں حکومت کی جانب سے بعض اسلامی ٹی وی چینلز پر بلاجواز پابندی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس اقدام کو موجودہ حکومت کی بوکھلاہٹ کی کھلی مثال قرار دیا اور اس بات پر زور دیا کہ اسلام امن و بھائی چارہ کا پیغام دیتا ہے اور یہ ٹی وی چینلز اسلامی تعلیمات کی نشر و اشاعت کا کام کررہی تھیں، حکومت کا یہ اقدام اس کی اسلام دشمن پالیسی کا حصہ ہے۔

آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے اپنے خطبہ صدارت میں بھارتی حکومت سے ان چینلوں پر عائد پابندی کو فوری طور پر اٹھانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کاروان اسلامی کی جانب سے منعقد ہونے والی اسلامی کانفرنس پر حکومتی قدغن کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے مداخلت فی الدین قرار دیا۔ اجلاس میں صدر انجمن کے علاوہ جن مقررین نے اظہارِ خیال کیا ان میں سے بعض کے اسمائے گرامی یہ ہیں جناب محمد شفیع میر ماگام ، مشتاق احمد بابا، غلام احمد ماگرے، نثار حسین عالمگیر، محمد قاسم بابا، حاجی عبدالرحیم، محمد اکبر بابا، علی محمد ڈار، سید فدا حسین، عابد حسین میر اور محمد حسین۔ اجلاس کی نظامت کے فرائض غلام محمد ناگو نے انجام دئیے
۔
خبر کا کوڈ : 739792
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش