0
Monday 23 Jul 2018 21:48

غیر ملکی صحافیوں کے کشمیر داخلے پر قدغن غیر منصفانہ اور آمرانہ اقدام ہے، سید علی گیلانی

غیر ملکی صحافیوں کے کشمیر داخلے پر قدغن غیر منصفانہ اور آمرانہ اقدام ہے، سید علی گیلانی
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے بھارتی حکومت کی جانب سے بیرون ممالک کے صحافیوں پر کشمیر میں ان کے داخلے پر پابندی کو غیر منصفانہ اور آمرانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح ریاست میں ہونے والے ظلم و جبر پر پردہ ڈالنے کی ناکام کوششیں کبھی بھی ثمرآور ثابت نہیں ہوں گی۔ سید علی گیلانی نے اسے حکومت کی جانب سے ریاست میں ڈھائے جارہے ظلم و جبر کی پردہ پوشی کی ایک ناکام کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح ہمارے اس دعوے کو تقویت پہنچ رہی ہے کہ ایک جانب فورسز قتل و غارتگری کو جاری رکھنے کے لئے نت نئے حربے آزما رہی ہیں اور دوسری طرف دنیا کی نظروں سے چھپانے اور فورسز کے سیاہ کارناموں پر پردہ ڈالنے کے لئے صحافیوں کی نقل و حرکت اور ان واقعات سے متعلق رپورٹنگ پر پابندیاں عائد کی جارہی ہیں۔

انہوں نے سوال کیا کہ اگر قابض حکام کو کشمیر میں جاری خونین حالات سے متعلق چھپانے کے لئے کوئی عذر نہیں، تو ذرائع ابلاغ کو پابند احکام کیوں کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے عوام کے صدائے احتجاج پر آہنی پردہ ڈالنے، بھارتی حکام کی جانب سے ان واقعات کے سلسلے میں دنیا کو اندھیرے میں رکھنے اور صحافیوں پر ریاست میں وارد ہونے سے پہلے اجازت نامہ حاصل کرنے کے تازہ احکامات پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ کشمیر میں اخبارات اور دیگر ذرائع ابلاغ پر غیر اعلانیہ سنسر شپ پہلے سے لاگو ہے اور اختلاف رائے کی بنیاد پر یہاں سیاسی انتقام گیری اور آزادی اظہار رائے پر بدترین قسم کی پابندیاں عائد ہیں اور اس پر مستزاد غیر ملکی صحافیوں کے وارد کشمیر ہونے پر پابندی عائد کرنا ایک گھمبیر اور تشویشناک صورتحال کی واضح عکاسی کرتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 739796
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش