0
Tuesday 28 Oct 2014 10:17

اسپین، یوم سیاہ پر دو تقاریب، وادی میں ریفرنڈم کا مطالبہ

اسپین، یوم سیاہ پر دو تقاریب، وادی میں ریفرنڈم کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ اسپین میں یوم سیاہ پر دو تقاریب کا انعقاد کیا گیا جن میں پاکستانی اور کشمیری برادری نے بھرپور حصہ لیا۔ بارسلونا کے نواحی علاقہ بادالونا میں پہلی تقریب چنار ایسوسی ایشن کے زیراہتمام منعقد کی گئی، جس کے مہمان خصوصی ویلفیئر قونصلر بارسلونا محمد اسلم خان غوری تھے۔ تقریب سے مرزا ندیم بیگ، جمال گجر، راجہ طارق، راجہ سونی، افضال چوہدری، راجہ شیراز اور دوسرے مقررین نے خیالات کا اظہار کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ آزادی ہر قوم کا حق ہے اور ہم کشمیری قوم کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔ اسکاٹ لینڈ میں ریفرنڈم ہو سکتا ہے تو کشمیریوں کو زندگی کا فیصلہ کرنے کا حق کیوں نہیں دیا جا رہا۔ مقررین نے کہا کہ ہم کشمیر کی آزادی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور وہ وقت دور نہیں جب کشمیر آزاد ہو گا اور ہماری برس ہا برس کی قربانیاں رنگ لائیں گی۔ تقریب کے اختتام پر شہداء اور آزادی کشمیر کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ 

دوسری تقریب ملت کشمیر ایسوسی ایشن کے تحت بارسلونا میں منعقد ہوئی، جس کے مہمان خصوصی قونصل جنرل آف پاکستان بارسلونا مراد اشرف جنجوعہ تھے۔ تقریب سے ویلفیئر قونصلر اسلم خان غوری، حافظ احمد، سعید شاہ، جوزفین کرسٹینا، نامدار اقبال خان، راجہ گلفراز ایڈووکیٹ اور ڈاکٹر ہما جمشید و دیگر نے خطاب کیا۔ تقریب میں سوشلسٹ پارٹی کے سیکرٹری امیگریشن خوسے ماریا سالا نے خصوصی شرکت کر کے کشمیری برادری کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ تقریب کے اسٹیج سیکرٹری کے فرائض طاہر رفیع نے ادا کیے جبکہ ملت کشمیر ایسوسی ایشن کے صدر راجہ ناظر خان نے شرکاء تقریب کا شکریہ ادا کیا۔
خبر کا کوڈ : 416839
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش