0
Thursday 2 Oct 2014 14:26

سپریم کورٹ، وزیراعظم نااہلی کیس میں درخواست گزاروں کو ترمیم شدہ آئین کے تحت درخواست دائر کرنیکی ہدایت

سپریم کورٹ، وزیراعظم نااہلی کیس میں درخواست گزاروں کو ترمیم شدہ آئین کے تحت درخواست دائر کرنیکی ہدایت
اسلام ٹائمز۔ سپریم کورٹ نے وزیراعظم نااہلی کیس میں درخواست گزاروں کو ترمیم شدہ آئین کے تحت درست درخواست دائر کرنے کی ہدایت کر دی۔ جسٹس دوست محمد کہتے ہیں تمام درخواست گزاروں اور فریقین کو احتیاط کرنی چاہیئے، کل کو یہ درخواستیں گلے بھی پڑ سکتی ہیں اور  نتائج سب کو بھگتنا ہونگے۔ جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے وزیراعظم کی نااہلی سے متعلق درخواستوں کی سماعت کی۔ آئین کے آرٹیکل تریسٹھ پر دلائل دیتے ہوئے درخواست گزار گوہر نواز سندھو نے کہا کہ وزیراعظم نے قومی اسمبلی کے فلور پر کہا کہ آرمی چیف سے مصالحت کا نہیں کہا، اس سے فوج کی تضحیک ہوئی ہے، جسٹس دوست محمد نے کہا کہ تمام درخواست گزاروں اور فریقین کو احتیاط کرنی چاہیئے، کل کو یہ درخواستیں گلے بھی پڑ سکتی ہیں۔ جسٹس دوست محمد کا کہنا تھا کہ ہم نے تو پھر آئین اور قانون کو سامنے رکھ کر فیصلہ کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ جرم ثابت ہوجانے پر عدالت سزا دے تو تب ہی نااہلی ہوتی ہے، جسٹس مشیر عالم نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کیس کی مثال موجود ہے۔
 
جسٹس دوست محمد کا کہنا تھا کہ آپ کے لگائے گئے الزامات کی تصدیق صرف آرمی چیف کا بیان حلفی ہی کرسکتا ہے، اب اگر آپ چاہیں گے بھی تو یہ درخواست واپس نہیں ہوگی۔ اس پر درخواست گزار گوہر نواز نے کہا کہ ٹکڑے ٹکڑے بھی کر دیئے جائیں تو بھی درخواست واپس نہیں لوں گا۔ عدالت نے قرار دیا کہ اس کیس کے دو مرحلے ہیں، پہلا مرحلہ اختیار سماعت اور قابل سماعت ہونے سے متعلق ہے، درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دوسرا مرحلہ شروع ہوگا، جس میں ٹرائیل کے ساتھ ساتھ حقائق سامنے لائے جائینگے۔ اس سے پہلے سماعت کے آغاز پر گوہر نواز نے کہا کہ وزیراعظم کا عہدہ بہت حساس ہے، رکن قومی اسمبلی اگر قومی تشخص کو مجروح کرے تو وہ نااہل ہوجاتا ہے، اس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ یہ تو اٹھارویں ترمیم سے پہلے کا آئین پڑھ رہے ہیں، نئے آئین کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی کو ریفرنس بھیجا جاتا ہے، جس پر جسٹس جواد نے کہا کہ جلدی میں ہر کام غلط ہوجاتا ہے آپ آئین ہی دیکھ لیتے۔ کیس کی سماعت پندرہ اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔
خبر کا کوڈ : 412860
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش