0
Friday 24 Oct 2014 10:57

مقبوضہ کشمیر میں مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال رہی

مقبوضہ کشمیر میں مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال رہی
اسلام ٹائمز۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ مقبوضہ کشمیر کے خلاف وادی بھر میں مکمل ہڑتال کی گئی۔ ہڑتال کی کال بزرگ حریت رہنماء سید علی گیلانی اور جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے دی تھی جس کی دیگر حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے بھی حمایت کی، ہڑتال کے دوران کاروباری اور دیگر روزمرہ کی سرگرمیاں معطل رہیں۔ وادی میں دکانیں، مارکیٹیں، پیٹرول پمپ اور تعلیمی ادارے بند رکھے گئے۔ اس موقع پر تمام بڑے قصبوں میں بھارت مخالف مظاہروں کو روکنے کے لئے بڑی تعداد میں بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار تعینات تھے۔ کشمیری مظاہرین نے بھارت کے خلاف جگہ جگہ احتجاج کیا اور نریندرمودی کے خلاف نعرے بازی کی۔ 

قابض انتظامیہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق، سید علی گیلانی،محمد یاسین ملک، شبیر احمد شاہ، محمد اشرف صحرائی، نعیم احمد خان، ایاز اکبر، الطاف احمد شاہ اور دیگر کئی حریت رہنماؤں کو بھارت مخالف مظاہروں کی قیادت سے روکنے کے لئے گھروں میں نظر بند کر دیا۔ بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا ہندوؤں کا تہوار دیوالی مقبوضہ کشمیر میں منانا مقبوضہ علاقے میں بھارتی تقافتی جارحیت کے سوا کچھ نہیں۔ سید علی گیلانی نے افسوس ظاہر کیا کہ بھارتی حکومت کشمیری سیلاب متاثرین کی آباد کاری پر سیاست کر رہی ہے، ایک ایسے وقت میں جب بھارت اور قابض انتظامیہ کو متاثرین سیلاب کی بحالی کے کام میں مصروف ہونا چاہیے تھا وہ انتخابی سیاست کا کھیل کھیل رہے ہیں۔ 

علاوہ ازیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے نریندر مودی کے دورہ مقبوضہ کشمیر پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم کشمیری سیلاب زدگان کی مشکلات پر سیاست سے گریز کریں، بھارتی حکومت اور اس کی کٹھ پتلی انتظامیہ اس انسانی المیے پر محض سیاست چمکا رہے ہیں اور سیلاب متاثرین کی مشکلات کا ازالہ کرنے کے بجائے وہ اپنے مفادات کی آبیاری کر رہے ہیں، مودی کو کشمیر کے کھنڈرات پر اپنا سیاسی محل تعمیر کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔
خبر کا کوڈ : 416190
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش