0
Friday 14 Nov 2014 01:16
اس ملک میں جبتک لاشیں لیکر دھرنا نہ دیں مظلوموں کی شنوائی نہیں ہوتی

جی بی کو حقوق سے محروم رکھنا حکمرانوں کی احسان فراموشی اور خیانت ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

جی بی کو حقوق سے محروم رکھنا حکمرانوں کی احسان فراموشی اور خیانت ہے، علامہ ناصر عباس جعفری
رپورٹ: میثم بلتی

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری اپنے دورہ بلتستان کے موقع پر سب ڈویژن روندو پہنچے۔ انکی روندو آمد کے موقع پر روندو باغیچہ کے مقام پر عوام کی بڑی تعداد نے انکا شاندار استقبال کیا۔ یہ استقبالیہ تقریب ایک ریلی کی شکل اختیار کر گئی، جس میں درجنون موٹر سائیکل سورار اور گاڑیاں موجود تھیں۔ روندو کے عوام تکبیر اور نعروں کی گونج میں انہیں جامع مسجد تھوار لے گئے، جہاں انہوں نے علماء و زعماء سے خطاب کیا۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہاں کے سر بہ فلک پہاڑوں کی طرح یہاں کی عوام کے حوصلے بلند ہیں اور یہاں کی عوام با وفا عوام ہے، غیرت مند عوام ہے، انہوں نے اپنی قوت بازو سے اس خطہ کو ہندو سامراج سے آزاد کرکے پاکستان کے ساتھ الحاق کر دیا ہے، گلگت بلتستان کی عوام پاکستان کے محسن ہیں۔ گلگت بلتستان کی عوام کو حقوق سے محروم رکھنا وفاقی حکمرانوں کی احسان فراموش اور خیانت ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہاں کے لوگ وطن سے محبت کرتے ہیں، وطن کی خدمت کرتے ہیں، پاک فوج میں بھی وطن کا دفاع کرتے ہیں، لیکن یہاں کی عوام پر وقفے وقفے سے ظلم کے پہاڑ توڑے گئے، صرف یہی نہیں بلکہ پورے ملک میں پاکستان سے محبت کرنے والوں کو ظلم کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ بانی پاکستان سے لیکر لیاقت علیخان تک سب کے ساتھ جو کچھ ہوا وه سب جانتے ہیں۔ بانی پاکستان اس دنیا سے جا رہے تھے تو کس کسمپرسی سے جا رہے تھے، سب جانتے ہیں۔ انہیں کس طرح کی مشکلات میں گھیرا گیا، سب جانتے ہیں۔ آج بھی وہی لوگ سرگرم عمل ہیں، وہی لوگ اولیاء کی قبروں کو اڑاتے ہیں، مسجدوں اور امام بارگاہوں پر حملے کرتے ہیں، تعلیمی اداروں اور شاہراہوں کو خون میں نہلاتے ہیں، حد تو یہ ہے کہ ان دہشتگردوں اور وطن دشمنوں کی جانب سے حکیم الامت علامہ اقبال کی قبر کو اڑانے کی دھمکی مل رہی ہے۔ یہ دہشتگرد بیس کروڑ آبادی کے ملک کو کھوکھلا کر رہے ہیں، انکے ہاتھوں کوئی ادارہ محفوظ نہیں۔

علامہ ناصر عباس جعفری نے تھوار میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس علاقے کے حقوق کو لیکر رہیں گے، چھین کر رہیں گے، یہاں منظم سازش کے تحت جوانوں میں منشیات عام کی جا رہی ہے، یہاں کے محکمہ صحت کو تباه کیا گیا ہے، اس ملک میں جب تک لاشیں لیکر دھرنا نہ دیں مظلوموں کی شنوائی نہیں ہوتی، ہم نے ملکر ان کرپٹ لوگوں کو شکست دینی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان دنیا کا خوبصورت علاقہ لیکن بدحالی کا شکار ہے، سڑکوں کا برا حال ہے، صاف پانی میسر نہیں جبکہ یہاں مینرل واٹر ہے، بجلی کا بحران ہے، ہسپتالوں کے آپریشن تھیٹر میں چند ہزار کا ہیٹنگ سسٹم نہیں، ریسکیو کے پاس موسم کے مطابق ایمبولینس نہیں، غوطہ خور نہیں، مہینوں حادثات کے شکار ریسکیو نہیں ہوپاتے، یہ حکومت ہماری نسلوں کا کو برباد کر رہی ہے، یہاں الیکشن میں پیسہ چلتا ہے۔
 
ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ نے سوال کیا کہ کیا ہم غریب ملکر شرافت سے پیسہ کو شکست نہیں دے سکتے؟ کیا شریف اور ایماندار کو ملک کا حاکم نہیں بنایا جاسکتا۔؟ لہٰذا ہمیں معاشرتی مسائل کو حل کرنے کے لئے میدان عمل میں اترنا ہوگا۔ لوگ جب معاشرتی مسائل سے لاتعلق رہیں تو پھر امام بھی جیلوں میں ڈالا جاتا ہے، ہم شریف اور مظلوم ملکر کرپشن کو شکست دے سکتے ہیں، سرمایہ دار کبھی بھی عوامی بہتری کا نہیں سوچتا۔ انہوں نے کہا کہ روندو عاشقان اہلبیت (ع) کی سرزمین ہے۔ کربلا دنیا پرستی، بزدلی، بے وفائی اور بے دینی کیخلاف جنگ کا نام ہے۔ کربلا حیا، پاک دامنی، شجاعت اور مظلوموں کے حق کی جنگ کا نام ہے۔ ہم نے خاموش نهیں رہنا ہے، ظلم چاہے دنیا کے جس کونے میں ہو، اسکے خلاف آواز بلند کرنی ہے۔
خبر کا کوڈ : 419431
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش