0
Saturday 26 Jul 2014 10:13

اسرائیلی جارحیت کیخلاف او آئی سی اور عالمی برادری کی خاموشی پر مقبوضہ کشمیر کا مزاحمتی خیمہ نالاں

اسرائیلی جارحیت کیخلاف او آئی سی اور عالمی برادری کی خاموشی پر مقبوضہ کشمیر کا مزاحمتی خیمہ نالاں
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر تحریک حریت، جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر، انجمن شرعی شیعیان، اتحاد المسلمین، انجمن حمایت الاسلام نے غزہ پر جاری اسرائیلی بربریت میں 828 سے زیادہ فلسطینیوں کو شہید کرنے پر زبردست غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل اور اس کے پٹھووں امریکہ، برطانیہ اور دیگر یورپی ممالک کی شدید نکتہ چینی کی ہے، مسجد بیت المکرم بارہمولہ میں ایک اجتماع سے ٹیلیفون پر خطاب کرتے ہوئے حریت کانفرنس (گ) و تحریک حریت کے چیئرمین سید علی گیلانی نے غزہ فلسطین میں وہاں کی 18 لاکھ مسلمانوں کی آبادی پر اسرائیل کی طرف سے گذشتہ قریباََ تین ہفتوں سے مسلسل بمباری سے 828 کے قریب لوگوں جن میں ایک خاصی تعداد معصوم بچوں اور خواتین کی ہے، کو شہید اور 5 ہزار لوگوں کو زخمی کردیا گیا، کا ذکر کرتے ہوئے اسرائیل اور اس کے پٹھووں امریکہ، برطانیہ اور دیگر یورپی ممالک کی شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے ان مظالم اور اس تشدد پر فوری روک لگانے کا مطالبہ کیا، سید علی گیلانی نے دنیائے اسلام کی حیران کن اور مایوس کن خاموشی پر بھی گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر میں بھی بھارت کی طرف سے ظلم و جبر اور جور و جفاء والی کاروائیوں کے ساتھ ساتھ اس خطہء ارض پر اپنے جبری فوجی قبضہ کو مضبوظ بنانا رہا ہے۔

ادھر جمعۃ الوداع کے موقع پر جماعت اسلامی سے وابستہ مقررین نے ریاست بھر میں غزہ کی صورتحال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور اسرائیل کی بربریت اور درندگی کی کڑی الفاظ مذمت کی۔ مسجد الھدیٰ باراں پتھر بتہ مالو میں نائب امیر جماعت نذیر احمد رعنا نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل مغرب کی پشت پناہی سے غزہ میں نہتے مسلمانوں کا قتل عام کررہا ہے، خواتین، بچوں اور بزرگوں کو بھی نہیں بخشا جارہا ہے اور عالم اقوام بالخصوص مسلمان ممالک تماشائی بن کر مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں، انہوں نے عرب ممالک کی خاموشی پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کبھی یہ ممالک فلسطین کے مسئلے کو ملّی کاز قرار دے کر یہاں کے مسلمانوں کی ہر طرح کی مدد کرنے کو اپنی ذمہ داری سمجھتے تھے اور اب حالت یہ ہے کہ یا تو خاموش رہ کر تماشائی کا رول ادا کیا جارہا ہے یا پھر در پردہ اسرائیل کی حمایت کی جارہی ہے، جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن نے کہا کہ فلسطین دنیا کی مظلوم ترین قوم ہے اور اسرائیل ایک خونخوار درندے کی طرح اس محکوم قوم کی چیر پھاڑ کررہا ہے، انہوں نے دنیا میں انسانی حقوق کی دہائی دینے والی مغربی قوتیں خصوصاً امریکہ اسرائیل کی اس انسانیت سوزی کی نہایت بے شرمی کے ساتھ تائید و حمایت کررہا ہے اور عالمی برادری اس کشت و خون کا تماشہ دیکھ رہی ہے۔ آغا سید حسن نے کہا کہ فلسطین کے حوالے سے اسلامی ممالک کی بے حسی اور خاموشی ایک عظیم ملی المیہ ہے، دنیائے اسلام کی اس نا اتفاقی اور بے حسی کا ناجائز فائدہ اٹھاکر اسلام دشمن قوتیں یکے بعد دیگرے مسلمان ممالک کو اپنی جارحیت کا نشانہ بنارہی ہے، انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی ایران کے بانی حضرت امام خمینی (رہ) نے اسی کربناک صورتحال اور اسرائیل کے عالم اسلام کے خلاف عزائم کے پیش نظر ایک دور اندیش حکمت عملی کے طور پر جمعۃ الوداع کو یوم قدس کی مناسبت سے منانے کی تاکید فرمائی تاکہ جابر قوتوں کے ظلم و جبر کے شکار اپنے مظلوم بھائیوں خصوصاً مظلوم فلسطینی عوام کے تئیں ملت اسلامیہ کے دینی و ملی احساس کو زندہ رکھا جاسکے۔

انہوں نے غزہ پر جاری اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی اداروں بالخصوص او آئی سی کی خاموشی کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ غزہ میں شیر خوار بچوں اور ضعیف العمر مرد و زن پر مہلک میزائلوں اور بموں کی بارش کے نتیجے میں ہوئی تباہ کاریوں سے بھی اگر عالمی برادری کا ضمیر جاگ نہیں اٹھتا ہے تو یہ اسلام اور مسلمان دشمنی کا کھلا مظاہرہ ہے۔ اس دوران اتحاد المسلمین کے صدر مولانا مسرور عباس نے فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے عالمی اداروں کی خاموشی کو افسوسناک قرار دیا، دریں اثناء انجمن حمایت الاسلام صدر مولانا خورشید احمد قانونگو نے عالی مسجد سرینگر میں فلسطین پر ہورہی انسانیت سوز اسرائیلی جارحیت پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مسلم ممالک اور عالمی برادری کی خاموشی کرنے پر مذمت کی، ادھر مولانا شوکت حسین کینگ نے خانقاہ صبور بابہ صاحب میں خطاب کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 401557
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش