0
Friday 5 Sep 2014 22:07

افغانستان، تنازع کا شکار ہونیوالے تاریخی انتخابات کا آڈٹ مکمل

افغانستان، تنازع کا شکار ہونیوالے تاریخی انتخابات کا آڈٹ مکمل
اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ کے مبصرین کی زیرنگرانی افغانستان کے تنازع کا شکار ہونے والے تاریخی انتخابات کا آڈٹ مکمل کر لیا گیا ہے۔ افغانستان میں پہلی مرتبہ جمہوری انداز میں حکومت کی منتقلی کے لیے چودہ جون انتخابات کا انعقاد ہوا تھا۔ افغانستان کے آزاد الیکشن کمیشن (آئی ای سی) کے ترجمان نور محمد نور نے کابل میں صحافیوں کو بتایا کہ تمام ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل جمعرات کو مکمل ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ آئی ای سی اور دیگر اداروں کا ایک بہت اہم مشن تھا جو مکمل ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آٹھ ملین سے زائد ووٹوں کے آڈٹ میں سات ہفتے لگے جو انتہائی محنت طلب تھے۔ تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ آڈٹ کے حتمی نتائج اور افغانستان کے اگلے صدر کا اعلان کب کیا جائے گا۔

افغانستان کے صدارتی انتخابات کے ابتدائی نتائج میں سابق وزیر خزانہ اور عالمی بینک کے عہدیدار اشرف غنی کو اپنے حریف سابق وزیر خارجہ عبداللہ عبداللہ سے برتری حاصل تھی تاہم عبداللہ نے انتخابی نتائج کو مسترد کرتے ہوئے انتخابات میں وسیع پیمانے پر دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے اسے افغان عوام کے خلاف بغاوت قرار دیا تھا۔ اس کے بعد امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے دو بار افغانستان کا دورہ کیا اور دونوں امیدواروں کو امریکی ثالثی میں ووٹوں کا آڈٹ اور نتیجے کی بنیاد پر قومی اتحاد حکومت بنانے کے معاہدے پر متفق کیا۔ آڈٹ کے عمل کے آخری ہفتے میں افغان اور بین الاقوامی مبصرین موجود تھے۔ افغان صدر نے امیدواروں کو جلد از جلد حتمی معاہدے تک پہنچنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ افغان قوم غیر یقینی صورتحال میں نئے صدر کا مزید انتظار نہیں کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 408389
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش