0
Sunday 20 Apr 2014 15:35

شیعہ ہزارہ قوم کو درپیش مسائل پر پیشرفت مثبت اقدام ہے، سید داﺅد آغا

شیعہ ہزارہ قوم کو درپیش مسائل پر پیشرفت مثبت اقدام ہے، سید داﺅد آغا

اسلام ٹائمز۔ بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر سید داﺅد آغا اور اراکین کابینہ نے کمانڈنٹ سدرن کمانڈ سمیت دیگر فوجی اعلٰی قیادت اور صوبائی حکومت کی جانب سے بلوچستان شیعہ کانفرنس کی پیش کردہ تجاویز کو عملی شکل دینے کے لئے ان کی کاوشوں کا خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ کمانڈنٹ سدرن کمانڈ اور دیگر اعلٰی فوجی حکام کی جانب سے بلوچستان شیعہ کانفرنس کی اعلٰی قیادت کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں ہزارہ قبرستان کی اراضی کو وسعت دینے کے لئے 20 ایکڑ پر مشتمل مزید اراضی دینے کی یقین دہانی، اس کے عقب میں ہزارہ قوم کے لئے تفریح پارک کی تعمیر اور ہزارہ قوم کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے علمدار روڈ پر نادرا اور پاسپورٹ آفس کی سب برانچز کا قیام اور نادرا پاسپورٹ سے متعلق ہزارہ قوم کو درپیش مشکلات و مسائل کے فوجی حل کے حوالے سے عملی اقدامات انتہائی خوش آئند ہونگے۔ سید داﺅد آغا نے کہا ہے کہ گذشتہ روز اعلٰی فوجی قیادت کے ساتھ بلوچستان شیعہ کانفرنس کی کابینہ اراکین کی ملاقات اور موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

شیعہ ہزارہ قومی مفادات کے تحفظ کے حوالے سے حوصلہ افزاء بات چیت اور فیصلہ کن اقدامات کئے گئے ہیں۔ جس پر ہم پوری ملت تشیع اور ہزارہ قوم کی جانب سے کور کمانڈر بلوچستان سمیت کمانڈنٹ سدرن کمانڈ اور دیگر اعلٰی فوجی قیادت کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ سید داﺅد آغا نے کہا کہ اعلٰی فوجی قیادت کے ساتھ زائرین سکیورٹی کے حوالے خصوصی بات چیت کی گئی۔ جس کے نتیجے میں اعلٰی فوجی قیادت نے زائرین کو مناسب سکیورٹی فراہم کرنے کے حوالے سے بھرپور یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہزارہ قوم اور ملت تشیع ملک کی تعمیر و ترقی اور بالخصوص بلوچستان کی پسماندگی کو دور کرنے، قیام امن کی بحالی، دہشتگردی کا خاتمہ اور ملک دشمن عناصر کے ناپاک ارادوں کا قلع قمع کرنے کے لئے ہر سطح پر پاک فوج سکیورٹی اداروں سمیت صوبائی حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کرنے پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط و خوشحال جمہوریت کا راز اقوام کے اتحاد و اتفاق سے وابستہ ہے۔

وزیراعلٰی بلوچستان کی جانب سے شیعہ ہزارہ قوم کے مسائل پر توجہ دینا اس بات کی دلیل ہے کہ موجودہ حکومت مکمل طور پر جمہوریت کے اصولوں پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہب کے نام پر ملکی سلامتی سے کھیلنے اور مسلمانوں کو آپس میں لڑانے کی کسی بھی بیرونی سازش کو کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے۔ امام حسین (ع) کی پہچان محسن انسانیت کے نام سے وجود میں آئی ہے۔ آئین سے انحراف کرنے والے کبھی پاکستان کے خیر خواہ ثابت نہیں ہو سکتے۔ پاکستانی عوام وطن عزیز کی سلامتی کے لئے کسی طرح کی قربانی سے دریغ نہیں کریگی۔

خبر کا کوڈ : 374766
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش