0
Saturday 26 Jul 2014 10:23

جشن آزادی تقریبات کا آغاز مظفرآباد سے ہو گا، چوہدری عبدالمجید

جشن آزادی تقریبات کا آغاز مظفرآباد سے ہو گا، چوہدری عبدالمجید
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ متاثرین منگلاڈیم کے تمام مسائل حل ہوں گے۔ مملکت پاکستان کے لیے کشمیری ہر محاذ پر قربانیاں دیتے رہیں گے۔ ملکی سلامتی، استحکام اور سالمیت پہلی ترجیح ہے۔ مسلح افواج وزیرستان میں فوجی آپریشن کو کامیابی سے آگے بڑھانے کے ساتھ ساتھ نقل مکانی کرنے والے افراد کی بحالی و ریلیف کے محاذ پر بھی کام کر رہی ہیں۔ جشن آزادی تقریبات کا آغاز مظفرآباد سے ہو گا جو تاریخی واقعہ ہے۔ ”پاکستان زندہ باد ریلی” پاک دھرتی سے اظہار محبت ہے۔ میرپور کے لوگ ریلی میں قافلوں کی شکل میں شرکت کریں۔ وہ گذشتہ روز چکسواری میں منگلاڈیم ہاؤسنگ اتھارٹی کی طرف سے متاثرین منگلاڈیم کے اعزاز میں دیے گئے افطار ڈنر سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ تقریب کی صدارت منگلاڈیم ہاؤسنگ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل چوہدری ذوالفقار اعظم نے کی جبکہ وزیرامور منگلاڈیم محمدحسین سرگالہ، وزیرمال چوہدری علی شان سونی، وزیربحالیات عبدالماجد خان بھی موجود تھے۔ 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ خدمت خلق ہمارا مشن ہے خدمت کے لیے میرے سامنے کوئی علاقہ ضلع یا برادری نہیں پوری ریاست کے عوام کی بلاتخصیص خدمت ہمارا نصب العین ہے۔ بھارتی وزیراعظم مقبوضہ کشمیر آئے تو عوام نے ان کا استقبال نہیں کیا ہر طرف خاموشی رہی، ہڑتال رہی اور بائیکاٹ کیاگیا ہر طرف اندھیرا تھا اس کے برعکس پاکستان کے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف 10اگست کو مظفرآباد تشریف لائیں گے تو ان کا تاریخی استقبال ہو گا۔ دنیا کو پتہ چلے گا کشمیری کس ملک کے ساتھ پیار کرتے ہیں۔ اس بارجشن آزادی تقریبات کا آغاز ریاستی دارالحکومت مظفرآباد سے ہو گا جو دنیا بھر کے لیے ایک پیغام ہو گا۔ ریاست کے دیگر اضلاع کی طرح میں میرپور کے لوگوں سے اپیل کروں گا کہ وہ ”پاکستان زندہ باد ریلی” میں بھرپور شرکت کریں حکومت ان کی میزبانی کرے گی۔ 

انھوں نے کہا کہ پاکستان زندہ باد ریلی میں آزادکشمیر، گلگت بلتستان سمیت 84 ہزارمربع میل پر بسنے والے لوگ یہ عہد کریں گے کہ وہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کے دفاع وطن فلسفہ کے مطابق اپنی مسلح افواج کے ساتھ ہیں۔ ملکی ترقی و خوشحالی کے سفر میں حکومت کے ساتھ ہیں۔ آپ لوگ قافلوں کی صورت میں مظفرآباد ریلی میں شرکت کریں۔ 1947ء میں پاکستان کے ساتھ ملنے کے لیے 3 لاکھ کشمیریوں نے جانی قربانیاں دیں۔ منگلاڈیم بناکر ہم نے پاکستان پر کوئی احسان نہیں کیا۔ پاکستان ہماری ماں اور شناخت ہے اس لیے ہر طرح کی قربانیاں دیتے رہیں گے۔ 

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ شمالی وزیرستان کے اندرہماری افواج دہشت گردوں کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح وطن کا دفاع کر رہی ہیں۔ ریاست کے لوگ پہلے کی طرح اب بھی اپنی بہادر افواج کیساتھ ہیں۔ انھوں نے کہاکہ آزادکشمیر میں ریلیف کا کام جاری ہے عوام آئی ڈی پیز کے لیے دل کھول کر چندہ دیں انھیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ تعلیم، صحت، سیاحت، کمیونیکیشن کے شعبوں میں ترقی کا عمل جاری رہے گا بہت جلد میرپور ایئرپورٹ کا سنگ بنیاد رکھوں گا۔
خبر کا کوڈ : 401567
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش