0
Wednesday 17 Oct 2012 00:14

نئی دہلی میں خصوصی اجلاس، بھارت کا شامی حکومت کے ساتھ اظہار یکجہتی

نئی دہلی میں خصوصی اجلاس، بھارت کا شامی حکومت کے ساتھ اظہار یکجہتی

شام کی حکومت کے ساتھ بھارت نے اتحاد اور حمایت کا اظہار کرنے کے لئے کانسٹی ٹیوشن کلب نئی دہلی میں ہند، عرب یکجہتی کونسل کے زیراہتمام ایک خصوصی اجلاس کا اہتمام کیا، جس کی صدارت ہند، عرب یکجہتی کونسل کے چیئرمین پروفیسر بھیم سنگھ نے کی، اجلاس کے مہمان خصوصی بھارت میں شامی سفیر رائد عباس تھے، رائد عباس نے اپنی مختصر تقریر میں شام کی خودمختاری اور اتحاد کو بچانے کی جدوجہد میں شام کی مسلسل حمایت جاری رکھنے کے لئے بھارتی وزیراعظم اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ 

اجلاس میں شام کے ساتھ اتحاد اور حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کئی قراردادیں پاس کی گئیں اور روسی فیڈریشن اور چین کے ذریعہ شام کو تباہ کرنے کی اینگلو امریکن سازش کے خلاف لڑنے میں تعاون کرنے کے لئے ان کی قیادت کی تعریف بھی کی گئی، ریزولیوشن میں ملک شام میں کچھ پڑوسی ممالک کے ذریعہ دہشت اور تشدد پھیلانے کی سخت مذمت کی گئی، جو امریکی اور صہیونسٹ ممالک کا ایجنڈا رہا ہے، جو مڈل ایسٹ میں اپنا کنٹرول قائم کرنا چاہتے ہیں، جیسا انہوں نے عراق، افغانستان اور دیگر عرب علاقوں میں وہاں کا تیل، پانی اور عربوں کی اسٹریٹجک زمین پر قبضہ کرنے کے ناپاک ارادوں سے کیا ہے اور اس طرح اس پورے علاقے کے امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ 

ریزولیوشن میں حال ہی میں جمہوری طریقے سے منتخب کی گئی پارلیمنٹ اور شام کے صدر بشار الاسد کے ساتھ بھارت کی جانب سے اتحاد اور حمایت کا اظہار کیا گیا، قرارداد میں ہندوستان کے وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ مشرق وسطیٰ میں امن بحالی کے لئے جلد پہل کریں اور کسی بھی ملک کو شام یا دوسرے کسی ملک کے اندرونی معاملات میں دخل دینے سے روکا جائے، اجلاس میں اقوام متحدہ سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنے سلامتی کونسل کے ریزولیوشن 242، 338 کو نافذ کرتے ہوئے اسرائیل سے گولان پہاڑیوں اور دیگر عرب علاقوں کو بلا تاخیر خالی کرنے کے لئے کہے، تاکہ علاقے میں امن بحال ہوسکے۔ 

ہند، عرب یکجہتی کونسل نے اعلان کیا کہ وہ ایک وفد شام بھیجے گا، اجلاس سے خطاب کرنے والوں میں پروفیسر مولانا شمی تہرانی، جناب سریش ٹھاکر، پروفیسر ایس ایچ بھاکری، محترمہ نصرین حامد اور بی ایس ساجن تھے۔

خبر کا کوڈ : 203766
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش