0
Saturday 26 Jul 2014 09:51

لاہور میں شیعہ علما کونسل کے زیراہتمام القدس ریلی

لاہور میں شیعہ علما کونسل کے زیراہتمام القدس ریلی
اسلام ٹائمز۔ عالمی یوم القدس کے موقع شیعہ علما کونسل کے زیراہتمام بھی مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجتہی اور اسرائیل و امریکہ کے ساتھ اظہار برات کے لئے علامہ سید ساجد علی نقوی کی ہدایت پر لاہور میں ریلی نکالی گئی۔ ریلی لاہور پریس کلب سے شروع ہو کر ایجرٹن روڈ سے ہوتی ہوئی پی آئی اے آفس کے سامنے اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے شرکا نے شیعہ علما کونسل اور فلسطین کے پرچم، بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ ریلی کے شرکا مردہ باد اسرائیل، مردہ باد امریکہ کے نعرے لگا رہے تھے۔ شیعہ علما کونسل کی ریلی میں خواتین اور بچوں کی کثیرتعداد نے بھی شرکت کی۔ ریلی کی قیادت علامہ مظہر عباس علوی، علامہ سید حافظ کاظم رضا نقوی، علامہ افضل حیدری، علامہ حسن رضا قمی، علامہ تنویر عباس قمی، مولانا منظور حسین نے کی جبکہ محسن نقوی، سید شہباز حیدر نقوی، سبطین حیدری، سیدہ طاہرہ شمیم نقوی، مولانا اعجاز علی سیال، قبلہ باقر نجفی، آغا سید آصف حسین بخاری نے خطاب کیا۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے اور مہذب دنیا اس پر چپ سادھے بیٹھی ہے۔ اقوام متحدہ نے بھی اسرائیلی بربریت روکنے کے لئے کوئی اقدام نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو عہد کرنا ہو گا کہ وہ فلسطینی بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ علما نے کہا کہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی ہدایت پر آج کا یہ اجتماع اسرائیلی بربریت کی پرزور مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت پاکستان عالمی سطح پر مظلوم فلسطینی عوام کے حق میں آواز اٹھائے اور اسرائیلی جارحیت کو رکوانے کے لئے اقدامات کرے۔ ریلی کے اختتام پر شیعہ علما کونسل کے نائب صدر علامہ سید حافظ کاظم رضا نقوی نے ’’اسلام ٹائمز‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا  کہ آج پوری دنیا میں غیرت مند مسلمان اپنے فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجتہی کر رہے ہیں لیکن افسوس کہ آج جمعہ الوداع تھا لیکن امام کعبہ نے اسرائیلی بربریت کے خلاف خطبہ جمعہ میں ایک لفظ بھی نہیں کہا جس سے ثابت ہوتا  ہے کہ اسرائیل کے ہاتھوں مظلوم فلسطینیوں کی نسل کشی میں سعودی عرب برابر کا شریک ہے۔
خبر کا کوڈ : 401559
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش