0
Tuesday 21 Oct 2014 22:17

700 ایزدی خاندان داعش کے محاصرے میں

700 ایزدی خاندان داعش کے محاصرے میں
اسلام ٹائمز۔ داعش کے جنگجوؤں نے عراق کے شمالی صوبے نینوا کے مغرب میں واقع سنجار پہاڑ پر قریباً سات سو ایزدی خاندانوں کا محاصرہ کر لیا ہے۔ عرب میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق سنجار کے تحفظ کے لیے مقامی جنگجوؤں پر مشتمل ملیشیا داعش کے جنگجوؤں کی مزاحمت کر رہی ہے لیکن اس کے پاس اسلحہ اور گولہ و بارود ختم ہو رہا ہے اور اس نے امریکا کی قیادت میں اتحادی ممالک سے ہنگامی طور پر کمک مہیا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ داعش اپنے مزید جنگجوؤں کو علاقے کی جانب بھیج رہی ہے اور وہ سنجار کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ ایزدیوں کے روحانی پیشوا تحسین علی سعید نے عالمی برادری سے اپنے لوگوں کے تحفظ کے لیے امداد کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ ان کی داعش کے ہاتھوں نسل کشی کو روکا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ داعش کی شورش کے بعد سے قریباً پانچ ہزار ایزدی مارے جا چکے ہیں، خواتین اور بچوں سمیت سات ہزار کو اغوا کر لیا گیا ہے اور ساڑھے تین لاکھ کے لگ بھگ کردستان، شام اور ترکی میں دربدر ہیں۔ داعش کے جنگجوؤں نے اگست کے اوائل میں شمالی عراق میں ایزدی آبادی کے دو قصبوں زمار اور سنجار سے کرد سکیورٹی فورسز البیش المرکہ کو لڑائی کے بعد شکست دی تھی اور ان علاقوں پر قبضہ کر لیا تھا۔ یہ دونوں قصبے شمالی شہر موصل اور خودمختار شمالی علاقے کردستان کے نزدیک واقع ہیں۔ داعش کے حملے کے بعد ہزاروں ایزدی دربدر ہوکر سنجار کے پہاڑ پر چلے گئے تھے اور وہاں دس روز تک بے یار و مددگاری کے عالم میں رہے تھے۔ اس دوران امریکا کے جنگی طیاروں نے داعش کے جنگجوؤں پر فضائی حملے شروع کردیئے تھے۔ واضح رہے کہ داعش کے جنگجوؤں نے زمار اور سنجار پر قبضے کے بعد وہاں کے مکین کرد نسلی اقلیت سے تعلق رکھنے والے ایزدیوں کے سامنے سلامت رہنے کیلئے اپنی شرائط پیش کی تھیں۔ داعش نے مقامی مسلح قبائل اور دوسرے گروپوں کی مدد سے 10 جون کو عراق کے دوسرے بڑے شہر موصل کی جانب پیش قدمی جاری رکھی ہوئی تھی۔ اسکے بعد سے انہوں نے پورے صوبہ نینوا سمیت عراق کے پانچ شمالی اور شمال مغربی صوبوں کے بیشتر علاقوں پر قبضہ کر کے اپنی حکومت قائم کر رکھی ہے لیکن اگست کے آخر سے اب انہیں امریکا کی قیادت میں اتحادی ممالک کی تباہ کن فضائی بمباری کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے میدان جنگ میں ان کی پیش قدمی رُک چکی ہے اور انہیں پسپائی کا سامنا ہے۔
خبر کا کوڈ : 415653
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش