0
Wednesday 27 Aug 2014 19:25

بہت جلد شہباز شریف، رانا ثنا اللہ خان جیل میں ہوں گے، معصوم نقوی

بہت جلد شہباز شریف، رانا ثنا اللہ خان جیل میں ہوں گے، معصوم نقوی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علما پاکستان (نیازی) کی سپریم کونسل نے حکومتی کارکردگی پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے مطالبات تسلیم کر کے سیاسی بحران کا خاتمہ کیا جائے۔ جے یو پی نیازی کے سربراہ معصوم نقوی کی زیرصدارت سپریم کونسل کے اجلاس میں صاحبزادہ محی الدین محبوب کاظمی، الحاج پیر شہزادہ جان، پیر مصطفی اشرف رضوی، پیر غلام رسول اویسی، پیر عثمان نوری، پیر اختر رسول قادری، ڈاکٹر امجد حسین چشتی، دیوان عثمان فرید چشتی، پیر نفیس الحسن شاہ بخاری، جان مصطفی حقانی، محسن رضا شاہ بخاری، رضا حیدر شاہ، مفتی لیاقت علی صدیقی، پیر تبسم بشیر اویسی، پیر سیف الرحمان اور دیگر ارکان نے بھی شرکت کی۔ ملک میں جاری احتجاجی دھرنوں کو ختم کروانے میں حکومتی رویے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ نواز حکومت دھاندلی کی پیداوار ہے۔ جس کی تصدیق الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سابق ایڈیشنل سیکرٹری محمد افضل خان بھی نجی ٹی وی کے انٹرویو میں کر چکے ہیں۔ اس لئے اب جعلی مینڈیٹ پر قائم حکومت کے رہنے کا جواز نہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلٰی پنجاب کو اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے خود مستعفی ہوجانا چاہیے تاکہ قومی حکومت تشکیل دے کر جمہوری اصلاحات کے بعد نئے انتخابات کروائے جائیں۔ اجلاس سے خطاب میں پیر معصوم نقوی نے کہا کہ جے یو پی نیازی ڈاکٹر طاہرالقادری کے مطالبات کی حمایت کرتی ہے، انہیں تسلیم کر کے سیاسی بحران کو ختم کیا جائے، قوم کا امتحان بہت لیا جا چکا ہے۔ اب فریقین عوام کے حال پر رحم کریں۔ انہوں نے کہا کہ طاہرالقادری اکیلے نہیں، ان کے ساتھ پوری قوم ہے۔ ان کے مطالبات کو تسلیم کئے بغیر حالات کو معمول پر نہیں لایا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاون کے شہدا کے خون کے دھبے مسلم لیگ ن کی حکومت کے دامن پر موجود ہیں۔ جب تک قاتلوں کو سزا نہیں دی جاتی، نواز شریف اور شہباز شریف اس سے جان نہیں چھڑوا سکتے۔ انہیں نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرنا ہو گا اور بہت جلد شہباز شریف اور رانا ثنا اللہ خان جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 406923
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش