0
Saturday 26 Jul 2014 15:25
عالمی استعمار و سامراج کیخلاف امام خمینی (رہ) کی آواز عالم اسلام و انسانیت کی آواز بن چکی ہے

مسئلہ فلسطین کا واحد حل اتحاد بین المسلمین اور اسرائیل کیخلاف مسلح جدوجہد ہے، مرکزی صدر آئی ایس او

فلسطینیوں نے امام خامنہ ای کی تعلیمات کی روشنی میں مسلح جدوجہد جاری رکھی تو فتح انکا مقدر ہوگی
مسئلہ فلسطین کا واحد حل اتحاد بین المسلمین اور اسرائیل کیخلاف مسلح جدوجہد ہے، مرکزی صدر آئی ایس او
اسلام ٹائمز۔ کراچی میں عالمی یوم القدس بفرمان امام خمینی (رہ) کی مناسبت سے تحریک آزادی القدس اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے زیراہتمام نکالی گئی مرکزی آزادی القدس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر اطہر عمران طاہر نے کہا کہ آج غزہ و فلسطین کی صورتحال پر قرآن بھی فریاد کناں ہوگا کہ خاموش عرب و مسلم حکمران آج خدا کی راہ میں قتال کیوں نہیں کرتے، مستضعفین کی حمایت، مدد و نصرت کیوں نہیں کرتے۔ اطہر عمران نے کہا کہ عالم تشیع کو فخر کرنا چاہئیے کہ اس کے عظیم الشان رہبر کبیر حضرت امام خمینی (رہ) قرآن کی آیت کا مصداق ٹھرے، جنہوں نے مظلوم فلسطینیوں اور مستضعفین جہان کیلئے آواز بلند کی، عالمی سامراج، استعمار و استکبار کو للکارا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امام خمینی (رہ) کی اس للکار نے مستضعفین جہان کو ہمت و حوصلہ عطا کیا کہ وہ عالمی استعمار کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر ڈٹ گئے۔ مرکزی صدر آئی ایس او کا کہنا تھا کہ عالمی یوم القدس کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسلمانان عالم اور دیگر مذاہب کے انصاف و انسانیت پسند لوگ کروڑوں کی تعداد میں امام خمینی (رہ) کی للکار بن کر شیطان بزرگ امریکا اور اس کی ناجائز اولاد اسرائیل کیخلاف سڑکوں پر نکل چکے ہیں۔ اطہر عمران نے مزید کہا کہ عالمی استعمار و سامراج کے خلاف امام خمینی (رہ) کی آواز عالم اسلام و انسانیت کی آواز بن چکی ہے۔

اطہر عمران نے کہا کہ ہمیں کراچی میں امریکی اسرائیلی ایجنٹوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے آئی ایس او کے سابق صدور، شہید راہ القدس عدیل عباس شہید، حیدر عباس شہید اور شہدائے القدس کوئٹہ پر فخر ہے کہ ہمارا خون بھی مظلوم فلسطینیوں کے خون کے ساتھ تحریک آزادی فلسطین میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم القدس یوم اللہ، یوم رسول اللہ، یوم اسلام ہے، یوم القدس عالمی مستکبرین، عالمی استعمار و سامراج کے خلاف مستضعفین جہان کے قیام کا دن ہے، یوم القدس نے مظلوم فلسطینیوں سمیت مستضعفین جہان کو جذبہ حریت عطا کیا۔ مرکزی صدر آئی ایس او کا کہنا تھا کہ آج اسرائیل کی جانب سے شروع کی گئی جنگ خود اس کے گلے کا پھندا بن چکی ہے، آج اسرائیل نہتے فلسطینیوں کے مقابلے میں شکست کی طرف سفر کر رہا ہے، امریکی فوجی حمایت کے باوجود اسلامی مقاومت کے سامنے پسپا ہوچکا ہے۔ اطہر عمران نے کہا کہ جس طرح ماضی میں سید حسن نصراللہ نے اپنی اس بات کو سچ کر دکھایا کہ اسرائیل کا وجود مکڑی کے جالے سے بھی زیادہ کمزور پڑ چکا ہے، آج نہتے فلسطینیوں نے بھی کربلا سے عزم لیکر اس بات کو سچ ثابت کر دکھایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ فلسطین کا واحد حل مسلمانوں کے درمیان اتحاد اور صہیونی اسرائیل کے خلاف مستحکم مسلح جدوجہد ہے، امریکا اور عالم مغرب کی تمام تر حمایت اور جدید ٹیکنالوجی کے باوجود اسرائیل شکست خوردہ ہوچکا ہے۔

مرکزی صدر آئی ایس او نے کہا کہ اگر حماس نے اپنی مزاحمت و مقاومت کو جاری رکھا تو اسرائیل جلد مکمل شکست سے دوچار ہوگا، اگر مظلوم فلسطینیوں نے رہبر معظم امام خامنہ ای کی تعلیمات کی روشنی میں مستحکم مسلح جدوجہد کو جاری رکھا تو عنقریب فتح خدا کا وعدہ بن کر ان کا مقدر ہوگی۔ اطہر عمران کا کہنا تھا کہ ملت تشیع پاکستان کی جانب سے مظلوم فلسطینی بھائیوں کو ہر ممکن مدد کیلئے انہیں یقین دہانی کراتے ہیں اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کی جانب سے مظلومین فلسطین فنڈ قائم کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج فلسطین میں اک کربلا، کربلائے غزہ کے نام سے بپا ہے، انشاءاللہ اگر فلسطینیوں نے سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام کی سیرت و پیغام کو اسی طرح زندہ رکھا تو جدید یزیدیت جو امریکا و اسرائیل کی شکل میں اسلام کے مقابل ہے انہیں مکمل شکست دینے میں کامیاب ہوجائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 401621
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش