0
Monday 13 Oct 2014 17:53

ڈاکٹر طاہرالقادری کی حکمت عملی تبدیل، ملک گیر دھرنوں کا فیصلہ

ڈاکٹر طاہرالقادری کی حکمت عملی تبدیل، ملک گیر دھرنوں کا فیصلہ
لاہور سے ابو فجر کی رپورٹ

ڈاکٹر طاہرالقادری نے حکومت کے خلاف جاری اپنی احتجاجی تحریک کا دائرہ کار بڑھانے کے لئے اپوزیشن جماعتوں کا سیاسی اتحاد بنانے کا فیصلہ کیا ہے، اس سیاسی اتحاد کو آئندہ انتخابات کے لیے انتخابی اتحاد میں تبدیل کیا جائے گا۔ عوامی تحریک کے ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ سیاسی ماحول کا درجہ حرارت مزید بڑھانے کے لیے عوامی تحریک نے اپنی سیاسی سرگرمیاں تیز کرنے کا عندیہ دیا ہے، اس حوالے سے ڈاکٹر طاہر القادری نے مجلس وحدت مسلمین، سنی اتحاد کونسل اور مسلم لیگ قاف کے قائدین سے طویل مشاورت کی ہے، اس مشاورت میں اتفاق کیا گیا کہ اسلام آباد دھرنے کو احتجاجی تحریک میں تبدیل کرنے اور مختلف اضلاع میں جلسوں کے بعد اس تحریک کو سیاسی جماعتوں کے اتحاد میں تبدیل کیا جائے گا اور حکومت کے خلاف ایک اپوزیشن گرینڈ الائنس بنایا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اس اتحاد میں باضابطہ شمولیت کے لیے پہلے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے رابطہ کیا جائے گا، اس کے بعد مرحلہ وار پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، جماعت اسلامی سمیت دیگر سیاسی، مذہبی، قوم پرست اور بلوچ جماعتوں سے رابطہ کیا جائے گا، اس اتحاد کے قیام کے لیے ایک کمیٹی بھی قائم کی جائے گی، کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری خود ہوں گے جبکہ کمیٹی میں علامہ ناصر عباس جعفری، صاحبزادہ حامد رضا، چوہدری پرویز الہی، شیخ رشید اور دیگر رہنماؤں کو شامل کیا جائے گا، کمیٹی گرینڈ الائنس کے قیام کے لیے مختلف جماعتوں سے رابطہ کرے گی۔

ذرائع کے مطابق سیاسی اتحاد کے اغراض و مقاصد مختلف جماعتوں کی مشاورت سے طے کئے جائیں گے، اگر سیاسی جماعتوں میں گرینڈ الائنس پر اتفاق رائے ہوگیا تو اس سیاسی اتحاد کو آئندہ انتخابات کیلئے انتخابی اتحاد میں تبدیل کیا جائیگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک نے شریف برادران کے خلاف ملک گیر احتجاجی تحریک چلانے کیلئے مشاورت مکمل کر لی ہے اور جلد تحریک انصاف کی قیادت سے رابطہ کرکے ملک بھر کی اہم شاہراہوں اور مقامات پر طویل المدت پہیہ جام دھرنے دینے کی حکمت عملی وضع کی جائے گی، سیاسی اتحاد کے قیام کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری جلد رابطوں کا آغاز کرینگے۔
خبر کا کوڈ : 414429
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش