0
Saturday 19 Jul 2014 03:54

الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کے زیراہتمام ووٹرز لسٹ کی تیاریوں کے حوالے سے ورکشاپ کا انعقاد

الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کے زیراہتمام ووٹرز لسٹ کی تیاریوں کے حوالے سے ورکشاپ کا انعقاد
رپورٹ: میثم بلتی

الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کے زیراہتمام آئندہ الیکشنز کے لیے ووٹرز لسٹ کی تیاریوں کے حوالے سے ایک مقامی ہوٹل میں ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں وزیراعلٰی گلگت بلتستان سید مہدی شاہ، اسپیکر صوبائی اسمبلی وزیر بیگ، ڈپٹی اسپیکر اور صوبائی وزیر قانون علی مدد شیر سمیت دیگر وزراء نے شرکت کی۔ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلٰی گلگت بلتستان نے کہا کہ پہلی بار گلگت بلتستان میں کمپیوٹرائزڈ انتخابی فہرستوں کی تیاری سے صوبے میں انتخابی عمل کے ایک نئے عہد کا آغاز ہو گا۔ جعلی اور دہرے اندراج کے خاتمے سے انتخابی عمل کی شفافیت پر سوال نہیں اٹھائے جا سکیں گے اور آنے والے انتخابات ہر قسم کی دھاندلی سے پاک اور گلگت بلتستان کی تاریخ کے شفاف ترین انتخابات ہونگے۔ کمپیوٹرائزڈ انتخابی فہرستوں کی تیاری اور انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے پیپلز پارٹی کی حکومت الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کو مزید تعاون کا یقین دلاتی ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان اور نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی پاکستان کے اعلٰی حکام اور گلگت بلتستان کے الیکشن کمشنر اجمل بھٹی نے تمام شرکاء کو آئندہ الیکشنز کے لیے ووٹرزلسٹ کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس دفعہ سارے پاکستان کی طرح سے گلگت بلتستان کے الیکشنز میں بھی ووٹرز کے الیکٹورل لسٹس کی تیاری پر کام کیا جا رہا ہے جس کے پہلے مرحلے میں گلگت بلتستان کے سارے اضلاع میں گھر گھر جا کر تمام بالغ رائے دہندگان کے ناموں کا اندراج کیا جائے گا۔

اس سلسلے میں گلگت بلتستان کے تمام ساتوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز جو کہ بطور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر بھی کام کریں گے ان کی زیر نگرانی یہ عمل مکمل کیا جائے گا اور ان کے ساتھ تمام سرکاری مشینری بشمول اسسٹنٹ کمشنرز اور تمام انتظامیہ اس کام کو مکمل کریں گے تاکہ معیاری الیکٹورل لسٹ تیار ہو سکیں۔ اگست سے ستمبر تک ان لسٹس کی تیاری کا کام کیا جائے گا جس سے آئندہ ہونے والے عام انتخابات کی شفافیت کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ ڈائریکٹر جنرل NADRA اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان بریگیڈئیر نثار نے گلگت بلتستان میں ان الیکٹورل لسٹس کی تیاری میں اپنے ادارے کے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ان کا ادارہ گلگت بلتستان الیکشن کمیشن سے ہر ممکن تعاون کرے گا اور کام کو جلد سے جلد مکمل کرنے کے لیے کوشاں رہے گا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل الیکشن کمیشن آف پاکستان ظفر اقبال نے اس موقع پر کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ اغلاط سے پاک لسٹوں کی تیاری کے لیے گھر گھر جانچ پڑتال کا عمل نہایت ہی ضروری ہے تاکہ الیکشنز کی شفافیت پر کوئی بات نہ کر سکے۔ ہوم سیکرٹری گلگت بلتستان ڈاکٹر عطاءالرحمان نے یقین دلایا کہ تمام اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز اس عمل کی نگرانی کریں گے اور گھر گھر جا کر لسٹوں کی تیاری کرنے والی ٹیموں پر نظر رکھیں گے تاکہ معیاری اور نقائص سے پاک اندراج کو ممکن بنایا جا سکے گا۔
خبر کا کوڈ : 400272
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش