0
Tuesday 19 Aug 2014 22:27

امریکی ریاست میسوری میں کشیدگی برقرار، احتجاج پورے ملک میں پھیل گیا، 31 افراد گرفتار

امریکی ریاست میسوری میں کشیدگی برقرار، احتجاج پورے ملک میں پھیل گیا، 31 افراد گرفتار
اسلام ٹائمز۔ امریکی ریاست میسوری میں پولیس کے ہاتھوں سیاہ فام نوجوان کی ہلاکت کے بعد ملک بھر میں احتجاج پھیل گیا ہے، جس کو روکنے کے لئے پولیس کی جانب سے طاقت کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ موصولہ رپورٹ کے مطابق ریاست میسوری کے قصبے فرگوسن میں نسلی بنیاد پر پولیس کے ہاتھوں سیاہ فام نوجوان کے وحشیانہ قتل کے بعد شہریوں کی جانب سے بھرپور احتجاج کیا گیا جبکہ مظاہرین نے اس دوران توڑ پھوڑ بھی کی، پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے ان پر آنسو گیس کی شیلنگ کی، جس کے باعث متعدد افراد کی حالت غیر ہوگئی۔ فرگوسن قصبے میں حکام نے حالات قابو میں لانے کے لئے کرفیو لگاتے ہوئے 200 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا۔ دوسری جانب مقتول سیاہ فام نوجوان مائیکل براؤن کی پوسٹ مارٹم رپورٹ بھی منظر عام پر آگئی ہے، جس کے مطابق پولیس نے براؤن پر 6 گولیاں داغیں جبکہ ہاتھ میں گولی لگنے کے بعد مقتول نے سرینڈر کردیا تھا، تاہم اس کے باوجود اسے مزید 5 گولیاں ماری گئیں۔ امریکی محکمہ انصاف نے اعلان کیا ہے کہ مائیکل براؤن کی پوسٹ مارٹم رپورٹ منظر عام پر آچکی ہے، تاہم وفاقی تحقیقاتی ماہرین کو اس سلسلے میں مزید تحقیقات کرنے کا کہا گیا ہے۔ واضح رہے کہ 9 اگست کو فرگوسن میں پولیس اہلکار نے 18 سالہ نوجوان کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا تھا جس پر عوامی ردعمل کے بعد پولیس نے اسے چور قرار دے دیا۔

دیگر ذرائع کے مطابق امریکی ریاست میسوری کے شہر فرگوسن میں تشدد کے تازہ واقعات اور مظاہروں کے دوران پولیس نے ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور دھوئیں کے گولے داغے ہیں، جس کے باعث متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ مظاہرے اور تشدد کے واقعات پولیس کی فائرنگ سے ایک سیاہ فام نوجوان کی ہلاکت کے بعد مسلسل جاری ہیں۔ امریکی صدر براک اوباما نے صبر و تحمل کی تلقین کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق فسادکش لباس میں ملبوس مسلح پولیس نے کئی لوگوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس آپریشن کے انچارج پولیس چیف رون جانسن نے کہا کہ پولیس اس وقت حرکت میں آئی جب مظاہرین نے بوتلیں پھینکنا شروع کر دیں۔ اس سے قبل امریکی اٹارنی جنرل ایریک ہولڈر نے فرگوسن میں جاری کشیدگی پر قابو پانے کے لئے وہاں کا دورہ کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ ایریک ہولڈر نوجون کو پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے نوجوان مائیکل برائون کی ہلاکت کی وفاقی سطح پر تحقیقات کرنے والے حکام سے ملاقات کریں گے۔ 
دریں اثناء امریکی صدر براک اوباما نے فرگوسن کے مقامی لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ آپس میں ہم آہنگی پیدا کریں۔ فائرنگ کے واقعے سے کئی دن تک فرگوسن میں عدم استحکام رہا۔ ایریک ہولڈر نے ایک بیان میں کہا کہ وہ کل بذات خود فرگوسن جا کر ایف بی آئی کے تفتیش کاروں اور وکلا سے ملاقات کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ مجھے اس حقیقت کا احساس ہے کہ لوگوں میں مائیکل برائون کی ہلاکت کی وجوہات جاننے میں دلچسپی ہے لیکن میں لوگوں سے صبر و تحمل کی اپیل کرتا ہوں، تاکہ ہم یہ تحقیقات کرسکیں۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ مائیکل برائون کی موت کی وجوہات جاننا قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں کے درمیان اعتماد قائم کرنے میں ایک اہم قدم ہے۔
خبر کا کوڈ : 405655
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش