0
Wednesday 22 Oct 2014 17:50
دونوں ممالک کسی قسم کی کشیدگی کے متحمل نہیں

تہران اجلاس، پاکستان اور ایران انٹیلی جنس معلومات بڑھانے پر متفق

تہران اجلاس، پاکستان اور ایران انٹیلی جنس معلومات بڑھانے پر متفق
اسلام ٹائمز۔ پاکستان اور ایران مستقبل میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لئے افواج کے درمیان رابطے اور انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ بڑھانے پر متفق ہوگئے ہیں۔ پاک ایران سرحد پر کشیدگی کے خاتمے کے لئے دونوں ممالک کے درمیان تہران میں ایک اہم اجلاس ہوا، جس میں ایف سی بلوچستان کے چیف میجر جنرل اعجاز شاہد اور ایرانی سرحدی فورس کے سربراہ جنرل قاسم رضائی نے شرکت کی۔ فرنٹیئر کور (ایف سی) کے ترجمان خان واسع نے میڈیا کو بتایا کہ اس اجلاس میں گذشتہ دنوں پاک ایران سرحد پر رونما ہونے والے واقعات پر بات کی گئی اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ آیندہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے دونوں ممالک کی فورسز کے درمیان رابطہ بڑھایا جائے گا۔ اجلاس میں انٹیلی جنس معلومات بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا اور یہ بھی فیصلہ بھی کیا گیا کہ دونوں ممالک کسی بھی قسم کی کشیدگی کے متحمل نہیں ہوسکتے، لہذا سرحدوں کی کشیدہ صورتحال کو ختم کرنے کے لئے ہر ممکن کوششیں کرنی چاہئیں۔ ایف سی ذرائع کے مطابق اجلاس میں یہ فیصلہ ہوا کہ دونوں ممالک کے لئے دہشت گردی کے خلاف لڑنا اب ناگزیر ہے۔

دوسری جانب بلوچستان کے ہوم سیکرٹری اکبر حسین درانی نے میڈیا کو بتایا کہ پاکستان اور ایران کے مشترکہ سرحدی کمیشن کا اجلاس 9 اور 10 نومبر کو تہران میں ہوگا۔ واضح رہے کہ گذشتہ دنوں دہشتگردوں نے پاک ایران سرحد کے ساتھ ساتھ ایرانی سرحدی چوکیوں پر حملے کئے تھے۔ ایران کا دعویٰ ہے کہ ان حملوں کے ییچھے دہشتگرد گروہ جیش العدل کا ہاتھ ہے اور حملہ آور پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں چھپے ہوئے ہیں۔
ایران نے گذشتہ ہفتے پاکستان کو دھمکی دی تھی کہ پاکستانی حکومت نے اپنی سرزمین کو دہشتگردوں سے محفوظ بنانے کے لئے ان کے خلاف کارروائی نہ کی تو ایران پاکستانی علاقے میں خود کارروائی کرے گا۔ اس دھمکی کے اگلے ہی روز ایرانی سکیورٹی اہلکاروں نے مبینہ طور پر پاکستانی علاقے میں گھس کر ایف سی اہلکاروں پر فائرنگ کی، جس سے ایک پاکستانی افسر ہلاک ہوگیا تھا جب کہ جوابی فائرنگ میں ایران کے دو سرحدی محافظ بھی مارے گئے۔
 
دیگر ذرائع کے مطابق پاک ایران سرحد سکیورٹی اجلاس تہران میں ہوا، جس میں دونوں ممالک کے اعلٰی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں امن و امان کی صورتحال اور سرحد پر سکیورٹی کا جائزہ بھی لیا گیا۔ ایف سی ترجمان کے مطابق اجلاس میں آئی جی ایف سی میجر جنرل اعجاز شاہد اور ایرانی بارڈر پولیس چیف جنرل قاسم رضائی شریک ہوئے۔ اجلاس میں گذشتہ روز پاک ایران سرحد پر ہونے والے واقعے کا جائزہ لیا گیا، تبادلہ خیال کرتے ہوئے دونوں اعلٰی حکام نے دو طرفہ تعلقات استوار کرنے اور سرحدی علاقوں میں دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ اجلاس میں انٹیلی جنس معلومات بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا اور یہ بھی فیصلہ بھی کیا گیا کہ دونوں ممالک کسی بھی قسم کی کشیدگی کے متحمل نہیں ہوسکتے، لہذا سرحدوں کی کشیدہ صورتحال کو ختم کرنے کے لیے ہر ممکن کوششیں کرنی چاہئیں۔ اس موقع پر آئی جی ایف سی میجر جنرل اعجاز شاہد کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی سکیورٹی فورسز میں باہمی رابطے کو مربوط بنایا جائے اور ساتھ ہی فورسز کے درمیان حقائق پر مبنی اطلاعات کا تبادلہ بھی ہو۔ سرحدی حدود کا احترام اور قانون کی پاسداری سے ہی معاملات میں بہتری لائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائی بھی دونوں ممالک کے تعلقات پر منحصر ہیں۔
خبر کا کوڈ : 415960
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش