0
Friday 7 Jun 2013 12:07
جی ایم جے دوئم

یروشلم اور وہاں کے لوگوں کی آزادی کیلئے آج دنیا بھر میں احتجاجی مارچ کئے جائینگے

یروشلم اور وہاں کے لوگوں کی آزادی کیلئے آج دنیا بھر میں احتجاجی مارچ کئے جائینگے
رپورٹ: این ایچ نقوی

انبیاء کرام (ع) کی سرزمین یروشلم پر صہیونیت کے غاصبانہ قبضے کو آج چھیالیس برس بیت چکے۔ وہ سرزمین کہ جس کے ہر ہر انچ پر انبیاء (ع) نے عبادت کی اور ملائکہ اترے، اس پر صہیونیت کے غاصب پنجوں سے انسانیت لہولہان ہے۔ اس دن کی یاد کو تازہ کرنے اور صہیونیت کے گھناؤنے جرائم سے پردہ اٹھانے کے لئے جمعہ 7جون 2013ء کو گلوبل مارچ ٹو یروشلم (جی ایم جے) کے تحت فلسطین اور اس سے ملحقہ ممالک کے ساتھ ساتھ پوری دنیا میں یروشلم، وہاں کے لوگوں کی آزادی، انہیں نسلی عصیت، نسل کشی سے چھٹکارا دلانے اور یروشلم کو یہودیانے کے منصوبے کے خاتمے کے لئے زبردست احتجاجی مارچ کئے جائیں گے۔ جی ایم جے کے منتظمین نے دنیا کے آزادی پسندوں سے اپیل کہ ہے کہ اس دن اسرائیل کی غاصب ریاست کے خلاف آواز بلند کریں اور اسرائیلی مظالم کا پردہ چاک کریں۔ اس دن دنیا کے تمام بڑے شہروں میں پرامن مظاہروں کے علاوہ اسرائیل میں قائم چیک پوسٹوں، غیر قانونی یہودی آبادکاری اور متنازعہ اسرائیلی دیوار کے ماڈل بناکر صہیونی ریاست کے خلاف احتجاج ریکارڈ کروایا جائے۔

اقوام متحدہ کے ایک ذیلی ادارے کے سروے کے مطابق مشرقی یروشلم میں کل 51 چیک پوسٹ، گیٹ اور رکاوٹیں موجود ہیں۔ یہ رکاوٹیں نہ صرف فلسطینیوں کی تذلیل کا باعث ہیں بلکہ انہیں معاشی، معاشرتی اور سیاسی طور پر کمزور کرنے کا باعث بھی ہیں۔ اسرائیلی پابندیاں اور چیک پوسٹیں فلسطینیوں کو صحت، تعلیم اور دوسری سہولیات کی فراہمی میں بڑی رکاوٹ ہیں۔ ان چیک پوائنٹس کی وجہ سے فلسطینی خاندان اپنے دوست احباب سے کٹ کر رہ گئے ہیں۔ آج مشرقی یروشلم میں تقریباً ایک لاکھ اسی ہزار یہودی آبادکار غیرقانونی طور پر قابض ہیں۔ یروشلم کو یہودیانے کے منصوبے کے تحت 2020ء تک یہ تعداد ایک ملین تک بڑھائی جائے گی۔ جس کے لئے مسلسل غیر قانونی و غیر اخلاقی یہودی آبادکاری کا سلسلہ جاری ہے۔ فلسطینیوں کے خلاف پرتشدد کارروائیاں ان یہودی آبادکاروں کا معمول بن چکا ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق گذشتہ سال ان دہشت گرد یہودیوں نے کئی فلسطینیوں کو شہید کیا اور تاحال یہ سلسلہ جاری ہے۔ جس کے خلاف گلوبل مارچ ٹو یروشلم کے دوران تاریخی احتجاج کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 271285
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش