0
Thursday 11 Sep 2014 00:39

لیبیا میں پھنسے مزید 260 پاکستانی وطن پہنچ گئے، دفتر خارجہ

لیبیا میں پھنسے مزید 260 پاکستانی وطن پہنچ گئے، دفتر خارجہ
اسلام ٹائمز۔ لیبیا کے شہر طرابلس سے مزید 260 پاکستانیوں کو خصوصی پرواز کے ذریعے لاہور پہنچا دیا گیا ہے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم کا کہنا ہے کہ 13 اگست کے بعد سے یہ ساتویں خصوصی پرواز ہے جو حکومت پاکستان کی جانب سے لیبیا میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو نکالنے کے لیے چلائی گئی ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق خصوصی پروازوں کے ذریعے لیبیا سے وطن واپس پہنچنے والے پاکستانیوں کی مجموعی تعداد 1987 ہو گئی ہے جب کہ تقریباً پندرہ سو پاکستانی اس وقت بھی طرابلس میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے قائم کیے گئے ریلیف کیمپوں میں موجود ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق آئندہ ہفتے مزید خصوصی فلائٹس بھی چلائی جائیں گی ، تاکہ تمام پاکستانیوں کو وطن واپس پہنچایا جا سکے۔ دفتر خارجہ نے بتایا کہ لیبیا میں مقیم 1800 پاکستانیوں میں سے تقریباً 800 افراد پر تشدد کارروائیوں کے نتیجے میں بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 2700 پاکستانیوں کو لیبیا کے پڑوسی ممالک میں منتقل کرکے بعد میں پاکستان بھیجا گیا جبکہ دو ہزار پاکستانیوں کو حکومتی خرچے پر خصوصی پروازوں کے ذریعے پاکستان منتقل کیا گیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ آپریشن اُس وقت تک جاری رہے گا جب تک ریلیف کیمپوں میں موجود تمام پاکستانی وطن واپس نہیں پہنچ جاتے۔
خبر کا کوڈ : 409129
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش