0
Thursday 23 Oct 2014 08:48

دیوالی، مودی کی مقبوضہ کشمیر آمد پر مکمل ہڑتال کی کال

دیوالی، مودی کی مقبوضہ کشمیر آمد پر مکمل ہڑتال کی کال
اسلام ٹائمز۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی دیوالی کے موقع پر مقبوضہ کشمیر آمد، حریت رہنماؤں نے آج مکمل ہڑتال کی کال دے دی۔ وزیراعظم مودی کے دیوالی کا تہوار سیلاب زدگان کے ساتھ منانے کے اعلان کو حریت رہنماؤں نے کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے فرقہ وارانہ عمل قرار دیا۔ ہڑتال کے موقع پر تمام کاروباری مراکز، دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک بھی معطل رہے گی۔ حریت رہنما سید علی گیلانی نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم مودی نے عید پر کشمیری مسلمانوں کو مبارکباد کا پیغام دینا تک گوارا نہیں کیا اور اب ہندوؤں کا تہوار منا رہے ہیں، وزیراعظم مودی کا یہ اعلان فرقہ وارانہ سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔ 

حریت کانفرنس(گ)کے ترجمان ایاز اکبر نے چیئرمین سید علی گیلانی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب حالیہ سیلاب سے یہاں لوگ مر رہے تھے تو اس وقت وزیراعظم مودی کو کشمیری یاد کیوں نہیں آئے، عید پر ان کا مقبوضہ کشمیر نہ آنا اور دیوالی کے موقع پر آمد فرقہ وارانہ سوچ کی عکاس ہے۔ جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم مودی سیلاب کی تباہ کاریوں اور کشمیریوں کی مشکلات پر سیاست کر رہے ہیں۔ دیوالی کا تہوار کشمیر میں منانے کے اعلان پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے حریت رہنما کا کہنا تھا کہ بھارت پر آج کل ہندو انتہا پسند راج کر رہے ہیں اور یہ ان کی نفرت پر مبنی پالیسیوں کا ہی نتیجہ ہے کہ مودی بھی مقبوضہ کشمیر میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر سیاست کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ عید پر سرینگر میں کرفیو نافذ کر کے مسلمانوں کی خوشیوں کو ماتم میں بدل دیا گیا لیکن مودی کی زبان سے ہمدردی کے دو بول بھی نہیں نکلے۔ 

حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت کو یہ حقیقت تسلیم کر لینی چاہیے کہ کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلے کے حل سے ہی خطے میں امن قائم ہو سکتا ہے۔ ادھر مقبوضہ کشمیر ہائیکورٹ نے ریاستی حکومت کو ہدایت کی ہے کہ وہ سیلاب متاثرین کی آبادکاری کیلئے فوری اقدامات کرے تاکہ سردیوں میں انہیں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
خبر کا کوڈ : 416022
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش