0
Monday 20 Oct 2014 11:02

آئی ایس او پشاور ڈویژن کا 3 روزہ ’’سفیران ولایت‘‘ کنونشن

آئی ایس او پشاور ڈویژن کا 3 روزہ ’’سفیران ولایت‘‘ کنونشن
رپورٹ: ایس اے زیدی

امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان پشاور ڈویژن کا 41واں تین روزہ سالانہ ’’سفیرانِ ولایت کنونشن‘‘ اختتام پذیر ہوگیا ہے، کنونشن 17 سے 19 اکتوبر تک معروف دینی درس گاہ جامعہ شہید عارف حُسین الحُسینی (رہ) پشاور میں منعقد ہوا، کنونشن میں کئی پروگرامات ہوئے، اور آخری روز آئندہ ایک سال کیلئے توحید علوی کو آئی ایس او پشاور ڈویژن کا نیا صدر منتخب کیا گیا، قبل ازیں مختلف پروگرامات جن میں یونٹس و ڈویژن کا سالانہ ریکارڈ کا جائزہ، ’’مہدویت امید بشریت‘‘ کانفرنس، محفلِ مذاکرہ، شبِ شہداء، شہیدِ ملت علامہ عارف حسین الحسینی (رہ) کی جائے شہادت پر سکائوٹس سلامی، سفیرانِ ولایت کانفرنس اور دعا و عزاداری کا احسن طریقے سے انعقاد کیا گیا، کنونشن کے دوسرے روز پورے ڈویژن اور ڈویژن کے تمام ماتحت یونٹس کی سالانہ کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

جس کے بعد ایک اہم کانفرنس کا ’’مہدویت امید بشریت‘‘ کے عنوان سے انعقاد کیا گیا، جس میں نامور اہل سنت و اہلِ تشیع علماء کرام نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا، کانفرنس میں تنظیم سے وابستہ طلباء، سابقین اور عوام نے بھی شرکت کی، جس کے بعد تنظیم سے وابستہ سابقین کے لئے محفل مذاکرہ کا انعقاد کیا گیا، جس میں مرکزی صدر امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان تہور حیدری نے خصوصی شرکت کی، رات کے وقت شہدائے ملت کو یاد کرتے ہوئے شبِ شہداء کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لئے مختلف علماء نے تقاریر کیں اور ترانے پیش کئے گئے۔ بعد میں شہداء کے خانوادگان کے تاثرات بھی پیش کئے گئے اور خانوادگانِ شہداء کو تحفے دیئے گئے۔

کنونشن کے تیسرے اور آخری روز سب سے پہلے شہیدِ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید عارف حسین الحسینی (رہ) کی جائے شہادت پر سکائوٹس سلامی پیش کی گئی، جس کے بعد کنونشن کے نام سے منسوب ’’سفیرانِ ولایت کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا گیا، اس روز کے مہمان خصوصی امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کی مرکزی مجلس نظارت کے رکن اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ سید حسنین عباس گردیزی تھے، اس روز کے آخر میں ووٹنگ کا مرحلہ ہوا، اور آئی ایس او پشاور ڈویژن سے وابستہ طلباء نے اپنے نئے میرکاررواں کا انتخاب کیا، اور سابق کابینہ کا حصہ رہنے والے توحید علوی نئے میرکاررواں منتخب ہوئے۔ بحیثیت ڈویژنل صدر اپنے پہلے خطاب میں توحید علوی کا کہنا تھا کہ آئی ایس او کا یہ الٰہی کارواں ہمیشہ ملت کے نوجوانوں کی تعلیم و تربیت، دینِ مبین کی سربلندی اور مملکت خداداد پاکستان کی ہر حوالے سے حفاظت کرنے میں صف اول میں رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم یہ تجدید عہد اور اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ جو خط قائد شہید اور دیگر شہداء کی طرف سے ہمیں ملا ہے اُس پر ہمیشہ کیلئے چلنے کی بھرپور کوشش کریں گے، نوجوانوں کی زندگیوں کو تعلیمات قرآن اور سیرت معصومین (ع) کے مطابق اُستوار کرنے کی کوشش کرتے رہیں گے اور بنیادی اہداف کے حصول کی بھرپور کوشش کرینگے۔ توحید علوی کا مزید کہنا تھا کہ محرم الحرام کے مہینیے میں پہلے کی طرح اس سال بھی آ ئی ایس او پاکستان کے جوان جلوس عزاء کی سکیورٹی اور حقیقی عزاداری کے قیام میں بھرپور کردار ادا کرینگے اور ملت کے دُشمن عناصر کو اپنے ناپاک عزائم میں ناکام بنائیں گے۔ علامہ سید حسنین عباس گردیزی نے نومنتخب ڈویژنل صدر سے حلف لیا اور ملک کی سلامتی، سربلندی اور نو منتخب ڈویژنل صدر کی توفیقاتِ خیر میں اضافے کی دعا کی۔ جس کے بعد تین روزہ کنونشن کے باقاعدہ اختتام کا اعلان کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 415410
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

متعلقہ خبر
ہماری پیشکش