0
Sunday 14 Sep 2014 05:06

الطاف حسین نے پارٹی کی مزید قیادت سے معذرت کرلی، کارکن پریشان

الطاف حسین نے پارٹی کی مزید قیادت سے معذرت کرلی، کارکن پریشان
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے پارٹی کی مزید قیادت سے معذرت کر لی، پارٹی کی تمام ذمہ داریاں رابطہ کمیٹی کو سونپنے کا اعلان۔ الطاف حسین نے کہا ہےکہ مجھ میں مزید بے وفائیاں سہنے کی طاقت نہیں رہی، رابطہ کمیٹی جسے چاہے قیادت کے لئے چن لے۔ رابطہ کمیٹی پارٹی کو اعلٰی ظرفی اور ذمےداری سے چلائے، رابطہ کمیٹی نے کئی بار کہنے پر بھی اپنا رویہ تبدیل نہیں کیا، پارٹی کی تمام ذمےداریاں رابطہ کمیٹی کےحوالے کرتا ہوں۔ میں پارٹی کے ایک ایک فرد کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرتا رہا، پارٹی کی قیادت کے دوران ساتھ دینے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ الطاف حسین نے کہا کہ میں نے اپنے تمام رشتےدار، دوست احباب تحریک پر قربان کر دیئے۔

دیگر ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے قائد نے قیادت چھوڑ کر رابطہ کمیٹی کو ذمہ داریاں سونپنے کا اعلان کیا تو کارکن نائن زیرو پر اکٹھا ہونا شروع ہو گئے۔ کراچی اور لندن کی رابطہ کمیٹیوں کا اجلاس جاری تھا۔ ایم کیو ایم کے رہنماوں نے الطاف حسین سے رابطہ کرنا شروع کر دیا، اور رابطہ ہونے پر ان سے درخواست کی گئی کہ وہ اپنا فیصلہ واپس لے لیں۔ آخری اطلاعات آنے تک ان کو منانے کی کوششیں جاری تھیں۔ دریں اثنا ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے میڈیا سے خصوصی بات کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم ایک جماعت نہیں بلکہ تحریک کا نام ہے۔ ہمارے ہاں عہدے آنی جانی شے ہیں، اور ہم سب الطاف بھائی کے کارکن ہیں، اور یہ ہو ہی نہیں سکتا کہ ان کے علاوہ کوئی اور قیادت کرے۔ جس طرح ایک باپ ناراض ہوجاتا ہے، ویسے ہی وہ ناراض ہیں، اور میں آپ کے چینل کے توسط سے الطاف بھائی سے فیصلہ واپس لینے کی اپیل کرتا ہوں۔ ہم سب کے لئے یہ بڑے صدمے کی بات ہے کہ رابطہ کمیٹی والے ان کی توقع پر پورا نہیں اتر رہے، لیکن ہم ان کو یقین دلاتے ہیں کہ ان کی رہنمائی میں ہم چلیں گے، اور پاکستان کو گلے سڑے نظام سے نجات دلائیں گے۔ غریب لوگوں کے لئے آواز سب سے پہلے تو الطاف بھائی نے اٹھائی تھی۔
خبر کا کوڈ : 409615
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش