0
Wednesday 26 Mar 2014 23:01

حلب میں دسیوں تکفیری دہشت گرد ہلاک، 219 دہشت گردوں نے خود کو فوج کے حوالے کر دیا

حلب میں دسیوں تکفیری دہشت گرد ہلاک، 219 دہشت گردوں نے خود کو فوج کے حوالے کر دیا
اسلام ٹائمز [نیوز ڈیسک] – شام سے موصولہ تازہ ترین رپورٹس کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں سیکورٹی فورسز اور تکفیری دہشت گرد عناصر کے درمیان گھمسان کی جنگ جاری ہے۔ ترکی کے بارڈر پر واقع شہر لاذقیہ میں تکفیری دہشت گرد عناصر کو ترک فوج کی جانب سے بھی سپورٹ فراہم کی جا رہی ہے۔ شام کے مختلف شہروں میں جنگ کی تازہ ترین صورتحال مندرجہ ذیل ہے۔

ریف دمشق:
صوبہ درعا کے علاقے "خربہ غزالہ" میں شام کی سیکورٹی فورسز نے تکفیری دہشت گرد عناصر کے حملے کو پسپا کر دیا ہے۔ اسی طرح شامی فورسز نے عدرا میں بھی مسلح دہشت گرد عناصر کا ایک حملہ ناکام بناتے ہوئے ان میں سے کئی افراد کو ہلاک اور زخمی کر دیا۔ دوسری طرف ریف دمشق کے علاقوں عدرا، جوبر، دوما اور الزبدانی میں شام کی فضائیہ نے "جبھہ الاسلامیہ" نامی دہشت گرد گروہ سے وابستہ تکفیری دہشت گرد عناصر کے کئی اڈوں کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا جس میں دسیوں دہشت گردوں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں یمن کے شہری بھی شامل ہیں۔

اسی طرح "عدرا البلد" اور اس کے دو جزیرے نمبر ۹ اور ۱۴ اور شہر "عدرا العمالیہ" سے موصولہ رپورٹس کے مطابق شامی فورسز نے جبھہ الاسلامیہ سے وابستہ تکفیری دہشت گردوں کی ایک ٹیم پر دھاوا بول دیا اور انہیں ہلاک کرنے کے بعد ان کے پاس موجود اسلحہ اور فوجی سازوسامان کو اپنے قبضے میں لے لیا۔ "القلمون" کے علاقے میں بھی شامی فوج کی یونٹس نے ایک آپریشن کے ذریعے حوش عرب، رنکوس اور الرحبیہ میں موجود فری سیرین آرمی کے چند اڈوں کو تباہ کر دیا اور اس میں موجود تمام تکفیری دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ القلمون کے علاقے سے موصولہ ایک اور رپورٹ کے مطابق شام کی سیکورٹی فورسز نے "الضمیر" نامی علاقے میں تکفیری دہشت گرد عناصر کی ایک گاڑی کو اپنے قبضے میں لے لیا جس سے بڑی مقدار میں نشہ آور گولیاں اور دوسری منشیات برآمد ہوئیں۔

حمص:
شام کے صوبے حمص سے ملنے والی رپورٹس کے مطابق حمص شہر کے پرانے حصے سے تقریبا ۶۵ مسلح دہشت گردوں نے ہتھیار پھینکتے ہوئے خود کو شامی فوج کے حوالے کر دیا ہے۔ اسی طرح حمص شہر کے مشرقی حصے سے بھی تقریبا ۲۴ تکفیری دہشت گردوں اور ریف حمص سے ۹۶ دہشت گردوں اور یبرود، معلولا، الرحیبہ، جبعدین اور الجبہ کے علاقوں سے ۳۴ تکفیری دہشت گردوں نے خود کو شامی فورسز کے حوالے کر دیا ہے۔

حلب:
شام کے شمالی شہر حلب سے موصولہ رپورٹس کے مطابق شامی فورسز نے گھات لگا کر ایسے تکفیری دہشت گردوں پر دھاوا بول دیا جو حدادین صقلایا کے راستے حلب میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ رپورٹ کے مطابق اس حملے میں دسیوں تکفیری دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ہلاک شدگان میں سعودی شہری بھی دیکھے گئے ہیں۔ اسی طرح عزیزہ گاوں کے شمال میں واقع الشیخ سعید روڈ پر بھی شامی فورسز نے گھات لگا کر تکفیری دہشت گردوں کے ایک قافلے پر حملہ کیا جس میں تمام دہشت گردوں کی ہلاکت کی خبر ہے۔ اس حملے میں ہلاک ہونے والے تکفیری دہشت گردوں میں بھی چند سعودی شہری موجود پائے گئے۔

دوسری طرح حلب کے علاقوں مرکزی جیل، انڈسٹریل ایریا، المسلمیہ، حندرات، کفرہ حمرہ، اللیرمون، دارہ عزہ، ھنانو، الحیدریہ، الصاخور، المنصورہ، عیطین، الوضیحہ، بوستان القصر، البریج، کفرناھا، المشھد اور الصالحیہ میں بھی شامی فورسز نے مسلح تکفیری دہشت گردوں کے اڈوں کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا جس میں کئی دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

دیرالزور:
شام کے مشرق میں واقع صوبہ دیرالزور میں بھی شام کی سیکورٹی فورسز نے النصرہ فرنٹ سے وابستہ تکفیری دہشت گرد عناصر کے اڈوں پر حملے کئے۔ دیرالزور کے دو علاقوں الحویقہ اور الرشدیہ میں تکفیری دہشت گردوں کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔

ریف ادلب:
شام کے شمال مغرب میں واقع علاقہ ریف ادلب میں شام کی سیکورٹی فورسز نے مرعیان، الانشاءات، معرت مصرین، تفتنار اور الاربعین پہاڑی اور الرامی جیسے علاقوں میں فوجی کاروائیاں انجام دیں جس میں کئی تکفیری دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
خبر کا کوڈ : 366173
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش