0
Thursday 24 Apr 2014 12:55

آزادی رائے ہر ایک کا بنیادی حق ہے اور یہ صرف تعلیم سے ہی ممکن ہوسکتا ہے، نواز شریف

آزادی رائے ہر ایک کا بنیادی حق ہے اور یہ صرف تعلیم سے ہی ممکن ہوسکتا ہے، نواز شریف

اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت جمہوری روایات کو مضبوط بنانے اور آزادی اظہار پر یقین رکھتی ہے لیکن یہ صرف تعلیم سے ہی ممکن ہوسکتا ہے۔ جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ایئر یونیورسٹی کے سالانہ کانووکیشن سے خطاب کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ وہ تعلیمی اداروں کو مضبوط بنانے پر یقین رکھتے ہیں کیونکہ علم معاشی ترقی کی کنجی اور تعلیم مستقبل کی سرمایہ کاری ہے۔ انہیں یونیورسٹی کے کامیاب طلبہ نے بہت متاثر کیا، انہیں اس بات پر بہت خوشی ہے کہ ایک ہزار سے زائد طلبہ نے ڈگریاں حاصل کیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ آزادی رائے ہر ایک کا بنیادی حق ہے اور یہ صرف تعلیم سے ہی ممکن ہوسکتا ہے، وہ ایک ایسے پاکستان کے خواہاں ہیں جس کا ہر شخص تعلیم یافتہ ہو اور وہ ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا آئین اسلامی اصولوں پر مبنی ہے اور اسلام ہر مرد اور عورت کے لیے مساوی حقوق کی بات کرتا ہے۔ 

انھوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کے مرد اور خواتین شہری ترقی کے عمل میں برابر کے شریک ہوتے ہیں، پاکستان میں نصف آبادی خواتین مشتمل ہے لیکن ان سے مکمل طور پر استفادہ نہیں کیا جاتا۔ وہ یہ محسوس کرتے ہیں کہ ہمیں صنفی مساوات کے فروغ کے لئے خواتین میں تعلیم کے فروغ کو اپنی تعلیمی پالیسی میں اولیت دینی چاہیے۔ انھوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت روشن خیالی کا فروغ چاہتی ہے اور خواتین کو برابر کے حقوق اور مواقع فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے، وہ خواتین سے کہتے ہیں کہ ماضی میں جو شعبے مردوں کے لیے مخصوص تھے ان میں شریک ہو کر پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ نواز شریف نے کہا کہ ملک میں حال ہی میں مسلح افواج میں خواتین پائلٹ اور افسران کو شامل کیا گیا ہے جو اس حقیقت کا اقرار ہے کہ انہیں تمام مقامات پر مساوی مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ و طالبات پاکستان کا مستقبل ہیں، اگر وہ یہ عہد کریں کہ اپنی تعلیم کی تکمیل کے بعد عملی زندگی میں پوری دل جمعی اور ایمانداری سے اپنے اپنے متعلقہ شعبوں میں خدمات سرانجام دیں گے تو وہ انہیں یقین دلا سکتے ہیں کہ ان کا مستقبل تابناک اور روشن ہوگا۔

خبر کا کوڈ : 375948
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش