0
Sunday 20 Apr 2014 09:03

سید علی گیلانی تحریک کے ٹھیکیدار نہیں، ہمیں پشت بہ دیوار نہ کیا جائے، میرواعظ عمر فاروق

سید علی گیلانی تحریک کے ٹھیکیدار نہیں، ہمیں پشت بہ دیوار نہ کیا جائے، میرواعظ عمر فاروق
اسلام ٹائمز۔ ایک مخصوص علیحدگی پسند جماعت کے نریندر مودی کے ساتھ رابطہ ہونے سے متعلق حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی کے بیان کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے کل جماعتی حریت کانفرنس (م) کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے علی گیلانی پر تابڑ توڑ حملے کرتے ہوئے کہا کہ آئین ہند پر حلف لیکر 12 بار الیکشن لڑنے والوں کو تحریک نوازی کا درس نہیں دینا چاہئے، علی گیلانی کے بیان کو بے بنیاد، من گھڑت اور عوام کو گمراہ کرنے کی دانستہ کوشش قرار دیتے ہوئے میرواعظ عمر نے کہا کہ وہ اُن کے صبر کو کمزوری نہ سمجھیں اور اگر وہ 90 سے کتاب کھولیں تو بہت ساری باتیں سامنے آئیں گی، پھر عوام کا ہاتھ ہوگا اور ان لیڈروں کا گریبان، علی گیلانی پر مسموم فضا تیار کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے میرواعظ عمر نے کہا کہ انتشاری اور تذبذب سے بھرے بیانات جاری کرکے علی گیلانی نے ماضی میں بھی کئی لیڈران کو قبرستان پہنچایا اور آج وہ کس کو مروانا چاہتے ہیں؟ اور ان کے نشانے پر آج کون ہے؟۔ علی گیلانی پر راست چوٹ کرتے ہوئے میرواعظ نے کہا کہ گیلانی اس تحریک کے اکیلے پیشوا نہیں اور نہ ہی موصوف کے پاس تحریک کا کاپی رائٹ موجود ہے بلکہ یہ عوامی تحریک ہے اور عوام نے اس کیلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، حریت کانفرنس (م) کے ایگزیکٹیو کونسل کے ہنگامی اجلاس کے بعد اپنی رہائش گاہ واقع نگین میں حریت ایگزیکٹیو ممبران کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میرواعظ عمر نے کہا کہ ایگزیکٹیو اجلاس میں گیلانی کے بیان پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اس کا سنجیدہ نوٹس لیکر اس کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیا گیا۔

میرواعظ عمر فاروق نے کہا کہ علی گیلانی اگر اشاروں و کنایوں میں بات کہنا چاہتے ہیں تو وہ جان لیں کہ یہ وہ قیادت ہے جس نے اس تحریک کو خون سے سینچا ہے، انہوں نے کہا کہ اس تحریک کا کوئی پیشوا یا گارڈ فادر نہیں بلکہ یہ عوامی تحریک ہے، انکا کہنا تھا کہ علی گیلانی صاحب پھر میدان میں نکلے ہیں اپنے آپ کو صحیح اور دوسروں کو غلط ثابت کرنے کیلئے اور 90 سے گیلانی کا یہی رویہ رہا ہے، وہ عوام کو یہ تاثر دینے کی کوشش کررہے ہیں کہ وہی صحیح ہیں اور باقی سب غلط، بی جے پی نمائندوں سے ملاقات سے انکار کرتے ہوئے میرواعظ نے کہا کہ ہم نہ بی جے پی سے ملے، نہ نریندر مودی اور نہ ہی اس کے کسی ایلچی سے، ہم نے جب بھی کسی کے ساتھ بات کی تو کھل کر بات کی، حریت کا دستوری موقف یہ ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں یا بھارت و پاکستان اور کشمیری لیڈرشپ کے درمیان مذاکرات میں مضمر ہے، انہوں نے کہا کہ افسوس ہے کہ علی گیلانی بار بار قوم میں انتشار ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ آخر علی گیلانی کی اوقات ہی کیا ہے، وہ مسموم فضاء تیار کررہے ہیں، مجھے نہیں معلوم کہ وہ کس کو مارنا چاہتے ہیں اور اس کا اگلا نشانہ کون ہے، انہوں نے کہا کہ ہمیں ذمہ داری اور دور اندیشی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ علی گیلانی نے ہروقت دوسروں کی شبیہ بگاڑنے کی کوشش کی اور خود کو صحیح ثابت کرنے کی کوشش کی جو وہ بدقسمتی سے نہیں ہیں۔
خبر کا کوڈ : 374705
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش