0
Thursday 30 Oct 2014 01:51
جب تک ظلم کا نظام رہے گا، ملک ترقی نہیں کرسکتا

پاکستان نواز اور زرداری کیلئے نہیں بنا تھا، جنہیں جیلوں میں ہونا چاہئے تھا وہ لیڈر بن گئے، عمران خان

پاکستان نواز اور زرداری کیلئے نہیں بنا تھا، جنہیں جیلوں میں ہونا چاہئے تھا وہ لیڈر بن گئے، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کہتے ہیں کہ احتساب کے خوف نے نواز شریف اور زرداری کو اکٹھا کر دیا، تبدیلی عوام کی وجہ سے آئی، تھر میں بچے بھوک سے مر گئے کوئی پوچھنے والا نہیں، جنہیں جیلوں میں ہونا چاہئے تھا وہ لیڈر بن گئے، بھارت کشمیریوں کو حق دے، مودی کو امن کیلئے سمجھاؤں گا، بھارت ہم سے غربت کے خاتمے کا مقابلہ کرے۔ اسلام آباد میں دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا کہ احتساب کے خوف نے نواز شریف اور زرداری کو اکٹھا کر دیا، عوام کی وجہ سے تبدیلی آگئی، دونوں کے چہرے بے نقاب ہوگئے، تھر میں بچے بھوک سے مرگئے کوئی پوچھنے والا نہیں، بلاول کو گھومنے اور زرداری کو پیسہ گننے سے فرصت نہیں، نواز شریف اشتہاروں پر اربوں روپے خرچ کرچکے، ان کا اپنا پیسہ باہر پڑا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ میاں صاحب انگریزی نہیں آتی تو اردو میں بات کریں، چینی بھی تو اپنے ساتھ مترجم رکھتے ہیں، قرضوں پر سود ادا کرنے کیلئے قرض لئے جا رہے ہیں، پیسہ اکٹھا کرکے ایمانداری سے عوام پر خرچ ہونا چاہئے، پاکستان نواز اور زرداری کیلئے نہیں بنا تھا، جنہیں جیلوں میں ہونا چاہئے تھا وہ لیڈر بن گئے، عوام نے نواز اور زرداری کی پارٹنر شپ توڑ دی۔ 

پی ٹی آئی چیف کہتے ہیں کہ اقتدار میں آکر گورنر ہاؤسز کو لایبریریوں اور میوزیم میں تبدیل کر دیں گے، عوام کے پاس 2 وقت کی روٹی نہیں، اتنا بڑا وزیراعظم ہاؤس کس کام کا، احتساب کے بعد واپس لیا گیا پیسہ تعلیم اور صحت پر خرچ ہوگا، ہمسایہ ممالک سے تجارت اور اچھے تعلقات بنائیں گے، مودی ہمیں پنجابی فلموں کی طرح نہیں ڈرا سکتے، بھارت کشمیریوں کو حق دے، عوام فکر نہ کریں، مودی کو امن کیلئے سمجھاؤں گا، بھارت ہم سے غربت کے خاتمے کا مقابلہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے حالات ٹھیک نہ ہونے کے باعث سرمایہ دار دبئی چلے گئے، خیبر پختونخوا میں لینڈ ریکارڈز کمپیوٹرائزڈ کر دیئے، ڈی آئی خان میں 80 پٹواری جیل میں ڈالے، میری ذمہ داری ہے کہ آپ کا پیسہ مغل اعظم رہن سہن پر نہ لگاؤں، حکمرانوں کو تھر کی فکر نہیں، سندھ کے لوگ بھی ملک بھر کی طرح تبدیلی کیلئے بے تاب ہیں، بھٹو کے خون کو بیچنے کی کوشش ہو رہی ہے۔ 
 
دیگر ذرائع کے مطابق عمران خان کہتے ہیں کہ اگر تحریک انصاف باہر نہ نکلتی تو ملک میں نورا کشتی اور باریوں کا سلسلہ جاری رہتا۔ حکمرانوں نے اپنی کارکردگی کی تشہیر پر 15 ارب روپے خرچ کر دیئے۔ کرپشن کا پوچھیں تو جمہوریت خطرے میں پڑ جاتی ہے۔ نئے پاکستان میں وزیراعظم سچ بولے گا۔ اسلام آباد میں دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستان کو علامہ اقبال کا پاکستان بننا چاہئے تھا لیکن ملک میں بڑے مجرم لیڈر بن گئے۔ اگر تحریک انصاف باہر نہ نکلتی تو اقتدار کی باریوں کا سلسلہ جاری رہتا۔ عمران خان نے کہا کہ تھر میں لوگ بھوکوں مر رہے ہیں لیکن کسی کو فکر ہی نہیں ہے۔ حکمرانوں نے اپنی پرفارمنس پر پندرہ ارب روپے خرچ کر دیئے۔ نئے پاکستان میں ایسا نہیں ہوگا۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ چالیس سال پہلے پاکستان تیزی سے ترقی کر رہا تھا۔ آج ملک کی حالت سب کے سامنے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ احتساب کے خوف کی وجہ سے نواز شریف اور زرداری اکٹھے ہوئے۔ عوام کی وجہ سے بڑی تبدیلی آ رہی ہے۔ جب تک ظلم کا نظام رہے گا، ملک ترقی نہیں کرسکتا۔
خبر کا کوڈ : 417168
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش