0
Wednesday 23 Apr 2014 22:22
حکومت مخالف جماعتوں کا بڑا اتحاد بنائیں گے

بندوق کی نوک پر شریعت کا نفاذ ممکن نہیں، طاقت کا جواب مذاکرات نہیں طاقت ہے، صاحبزادہ حامد رضا

بندوق کی نوک پر شریعت کا نفاذ ممکن نہیں، طاقت کا جواب مذاکرات نہیں طاقت ہے، صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ 11 مئی کو انتخابی دھاندلیوں کے خلاف الیکشن کمیشن کے سامنے دھرنا دیا جائے گا۔ فوج کو بدنام کرنے کی مہم پر حکومت کیوں خاموش ہے۔ پاک فوج کو بدنام کرنا امریکی، بھارتی اور اسرائیلی ایجنڈا ہے۔ حامد میر پر حملے کی آڑ میں فوج کی کردار کشی ناقابل برداشت ہے۔ ملک کو خلفشار سے بچایا جائے۔ دفاعی اداروں کو متنازع بنانے کی کوششیں غداری اور ملک دشمنی ہیں۔ پاکستان کو انتہا پسندوں کے ہاتھوں یرغمال نہیں بننے دیں گے۔ استحکام پاکستان کانفرنس کے انعقاد سے اہل حق کو ولولۂ تازہ ملا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے استحکام پاکستان کانفرنس کی کامیابی پر مبارکباد دینے کے لیے آنے والے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے پہلے سال کی ناقص کارکردگی پر وائٹ پیپر شائع کریں گے۔ طاقت کا جواب مذاکرات نہیں طاقت ہے۔ بدلے ہوئے حالات میں نئی اے پی سی کا انعقاد ضروری ہے۔ وطن کا دفاع کرنے والوں کا دفاع ضروری ہے۔ عسکری وقار پر حملے گھناؤنا عمل ہیں۔ سکیورٹی اداروں کے خلاف بے بنیاد پراپیگنڈا کرنے والے غیر ملکی طاقتوں کے ایجنٹ ہیں۔ پاک فوج کو بدنام کرنے کی ہر سازش ناکام بنائیں گے۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ پاک فوج پر الزامات لگانا آرٹیکل 6 کے زمرے میں آتا ہے۔ چیف جسٹس افواج پاکستان کی کردار کشی مہم کا نوٹس لیں۔ نواز شریف الزام اور انتقام کی سیاست کر رہے ہیں۔ وزراء کی پھنے خانیاں حکومت کو لے ڈوبیں گی۔ بندوق کی نوک پر شریعت کا نفاذ ممکن نہیں۔ اہل حق نفاذِ شریعت کے لیے پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے اور ووٹ کی طاقت سے انقلابِ نظامِ مصطفٰی برپا کریں گے۔ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے والوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔ حکومت معاشی حکمت عملی میں مثبت تبدیلیاں لائے۔ چیئرمین سنی اتحاد کونسل کا کہنا تھا کہ عوام میں ریاست کے باغی طالبان کے لیے کوئی نرم گوشہ نہیں۔ حکومت مخالف جماعتوں کا بڑا اتحاد بنائیں گے۔ اس سلسلہ میں رابطے شروع کر دیئے گئے ہیں۔ اس وقت پارلیمنٹ میں حقیقی اپوزیشن کا وجود دکھائی نہیں دیتا، جس کی وجہ سے حکومت من مانیاں کر رہی ہے۔ حکومت عوام کو ریلیف نہیں تکلیف دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں پر حقائق نامہ جاری کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 375831
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش