0
Sunday 20 Apr 2014 08:58

سید علی گیلانی کی پریس کانفرنس، سرینگر سے دہلی تک شدید ردعمل

سید علی گیلانی کی پریس کانفرنس، سرینگر سے دہلی تک شدید ردعمل
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی کے اس بیان، جس میں انہوں نے اس بات کا دعویٰ کیا تھا کہ مودی کے دو ایلچی (کشمیری پنڈت) اُن کے پاس آئے تھے، پر بوال مچ گیا ہے، جہاں کانگریس نے بی جے پی سے اس بارے میں وضاحت طلب کی ہے وہیں بی جے پی نے ایسی کسی بھی ملاقات کی تردید کی ہے، جبکہ مقبوضہ کشمیر کے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے علی گیلانی سے کہا ہے کہ وہ اپنی بات صحیح ثابت کرنے کے لئے ان سے ملاقات کرنے والے مودی کے نمائندوں کے نام ظاہر کریں، کانگریس کے سینئر لیڈر اور ترجمان میم افضل نے نئی دہلی میں علی گیلانی کے بیان کے بارے میں نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دئے، انہوں نے اس معاملے پر بھاجپا سے وضاحت طلب کرتے ہوئے کہا کہ علی گیلانی نے پوری وضاحت نہیں کی ہے، کسی کو ان کے پاس بھیجا گیا تھا اور انہوں نے مودی کے ماضی کو مد نظر رکھتے ہوئے پیشکش ٹھکرا دی، انہوں نے ماضی میں جو کیا ہے، اس کو سامنے رکھتے ہوئے ہم ان کے ساتھ بات نہیں کرسکتے، یہ مودی ہیں، جو جوابدہ ہیں۔

سینئر بھاجپا لیڈر اور پارٹی ترجمان روی شنکر پرساد نے نئی دہلی میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے سید علی گیلانی کے بیان پر سخت ردعمل ظاہر کیا، انہوں نے کہا علی گیلانی کا بیان سچ پر مبنی نہیں ہے، ہم اس بات کی یقین دہانی کراتے ہیں کہ بی جے پی کا کوئی نمائندہ ان سے نہیں ملا، ہم گیلانی سے غلط بیان بازی پر مذمت کرتے ہیں، روی شنکر پرساد کا کہنا تھا ’’بھارتیہ جنتا پارٹی یہ بات زور دیکر کہتی ہے کہ علیحدگی پسند لیڈر کا دعویٰ بے بنیاد اور شرانگیزی پر مبنی ہے، یہ بیان بھاجپا کے بارے میں انتشار پھیلانے کے لئے دیا گیا ہے، ہم پوری ذمہ داری کے ساتھ دو ٹوک الفاظ میں واضح کرتے ہیں کہ نریندر مودی کا کوئی نمائندہ گیلانی سے نہیں ملا ہے‘‘، بی جے پی کا شروع سے ہی واضح نظریہ رہا ہے کہ کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے اور اس بارے میں بات چیت کی کوئی گنجائش نہیں ہے، دریں اثناء عمر عبداللہ نے سماجی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے علی گیلانی سے کہا ہے کہ وہ ان لوگوں کے نام ظاہر کریں، جو ان سے ملاقی ہوئے ہیں، وزیراعلیٰ نے لکھا ہے کہ سید علی گیلانی نے دعویٰ کیا ہے کہ نریندر مودی کے دو نمائندوں نے ان کے ساتھ دلی میں ملاقات کی، اب جھوٹ کون بول رہا ہے؟ گیلانی یا مودی کی مہم پتہ کرنے کا آسان راستہ ہے، سید علی شاہ گیلانی ان لوگوں کی شناخت ظاہر کریں جو مودی کے نمائندوں کی حیثیت سے ان سے ملے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 374706
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش