0
Thursday 30 Oct 2014 15:53
اسوۂ حسینی پر عملدرآمد سے امن قائم ہو سکتا ہے

میدان کربلا انسانی عزت و تکریم کا اعلٰی ترین مظہر ہے، حافظ ریاض نجفی

میدان کربلا انسانی عزت و تکریم کا اعلٰی ترین مظہر ہے، حافظ ریاض نجفی
اسلام ٹائمز۔ ممتاز عالم دین آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے کہا ہے کہ انسان اشرف المخلوقات ہے، جس کی عزت و تکریم کا ذکر خود خداوند تعالٰی نے کیا ہے، احترام انسانیت ہی فلسفہ حسینی ؑ کا پیغام ہے، میدان کربلا عزت و تکریم کا اعلٰی ترین مظہر ہے، اسوۂ حسینی پر عملدرآمد سے امن قائم ہو سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعۃ الکوثر اسلام آباد میں عشرہ محرم الحرام کی چوتھی مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آیت اللہ علامہ ریاض حسین نجفی نے کہا کہ امام عالی مقام ؑ نے یزید کی بیعت اس لئے نہیں کی کیونکہ یہ انسانی اقدار کی تذلیل تھی کیونکہ اللہ تعالٰی نے انسان کو اشرف المخلوقات بنایا ہے اور اس کی عزت و تکریم کا خداوند تعالٰی قائل ہے، لہذٰا انسان کو بھی چاہیئے کہ اپنے احسن کردار سے اپنی اس حیثیت کو برقرار رکھے، تاکہ عہد خداوندی کا پاس رہے۔ 
انہوں نے کہا کہ میدان کربلا انسانی عزت و تکریم کا اعلٰی ترین مظہر ہے۔ امام حسین علیہ السلام اور ان کے احبابؓ نے حقیقی طور پر اشرف المخلوقات کے شرف کو باقی رکھا اور اپنے فکر و عمل سے اسے دوام بخشا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کل کے دور میں ہمیں اسی شرف و عزت کا خیال رکھانا چاہیئے اور اپنے کرداروں کو بلند ترین مقام پر پہنچانا چاہیئے، اگر ہم احترام انسانیت کے اصول کو اپنائیں اور معاشرہ صحیح معنوں میں اسوۂ حسینی ؑ سے استفادہ حاصل کرے تو کوئی وجہ نہیں کہ ہم اس دنیا کو ایک مرتبہ پھر امن فراہم کرنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 417268
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش