0
Monday 24 Mar 2014 17:39
بانیان پاکستان کے وارث ایٹمی پاکستان کیخلاف ہونیوالی سازشوں کے سامنے سینہ سپر ہیں

مولانا سمیع الحق طالبان ظالمان کی قیادت کی ترجمانی کر رہے ہیں، صاحبزادہ حامد رضا

امریکا، اسکے اتحادی اور ایجنٹ عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا رہے ہیں
مولانا سمیع الحق طالبان ظالمان کی قیادت کی ترجمانی کر رہے ہیں، صاحبزادہ حامد رضا
رپورٹ: ایس زیڈ ایچ جعفری

23 مارچ یوم قرارداد پاکستان کے موقع پر سنی اتحاد کونسل پاکستان اور مرکزی جمعیت علمائے پاکستان کی زیر سرپرستی انجمن نوجوانان اسلام پاکستان کراچی کے زیراہتمام ”تحفظ قرارداد پاکستان کنونشن“ کا انعقاد کیا گیا۔ کنونشن سے خصوصی خطاب سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کیا جبکہ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل، مرکزی جے یو پی کے رہنما اور اے این آئی پاکستان کے سرپرست اعلٰی طارق محبوب، علامہ اشرف گورمانی، مفتی اقبال نقشبندی، پیر مختار صدیقی، علامہ فیصل عزیزی، مولانا سید بلال شاہ، سید مبشر علی قادری مسعود عالم اور کراچی بار کے جنرل سیکرٹری خالد ممتاز ایڈووکیٹ سمیت دیگر رہنماﺅں نے بھی خطاب کیا۔ کنونشن کے دوران شرکاء نعرہ تکبیر اللہ اکبر، نعرہ رسالت یارسول اللہ، پاکستان بنایا تھا، پاکستان بچائیں گے، امریکا نہ طالبان پاکستان پاکستان کے نعرے لگاتے رہے۔ اس موقع پر مفتی محمد اقبال نقشبندی نے شہدائے تحریک آزادی اور تحریک پاکستان کے شہیدوں کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کرائی، شرکاء نے دہشتگردی کے واقعات میں شہید ہونے والے پاکستانی مسلمان بھائیوں کی مغفرت کیلئے بھی دعا کی۔

تحفظ قرارداد پاکستان کنونشن سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ اسلامی اقوام متحدہ کے قیام کے بغیر عالم اسلام اور پاکستان امریکی، یہودی، استعماری، سامراجی، اسلام دشمن قوتوں اور انکے ایجنٹوں کی سازشوں میں گھرا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان یارسول اللہ کہنے والوں اور درود و سلام پڑھنے والوں نے بنایا، وہی اس کی حفاظت و استحکام کا فریضہ ادا کر رہے ہیں۔ صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ 23 مارچ یوم قرارداد پاکستان ہمارا قومی اور یادگار دن ہے کہ جس دن قیام پاکستان کی قرارداد منظور ہوئی، جس میں اکابرین اہلسنت، علماء مشائخ اور ہمارے بزرگ و اسلاف نے کثیر تعداد میں شرکت کی تھی، قرارداد پاکستان آج پوری قوم سے بقائے پاکستان کا تقاضہ کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں مسلمانوں کو اذیت دینے اور مشکلات سے دوچار رکھنے میں امریکا، اسرائیل اور بھارت ملوث ہیں، جبکہ بعض اسلامی ممالک کے سربراہان امریکی ایجنڈے پر عمل کرنے پر مجبور ہیں اور مسلم سربراہان مملکت اپنے اقتدار کو طول دینے کیلئے امت مسلمہ کے مستقبل کو داﺅ پر لگائے ہوئے ہیں۔ چیئرمین سنی اتحاد کونسل کا کہنا تھا کہ ملک کا دفاع کرنے والے جنرل (ر) پرویز مشرف پر غداری کا مقدمہ اور 60 ہزار سے زائد عوام افواج پاکستان کو دہشتگردی، بم دھماکوں سے شہید کرنے والوں سے مذاکرات کئے جا رہے ہیں جو کہ قراردار پاکستان کی روح کے منافی اور آئین پاکستان و قانون پاکستان سے کھلی بغاوت و غداری ہے۔
 
صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ مولانا سمیع الحق مفرور و روپوش طالبان ظالمان کی قیادت کی ترجمانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام اور جہاد کے نام پر لادینی قوتیں مسلمانوں کے خون کی ہولی کھیل رہی ہیں، امریکہ، اسکے اتحادی اور ایجنٹ عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا رہے ہیں، جبکہ عالمی برادری مسلمانوں کے قتل عام پر خاموش تماشائی کا کردار ادا کرکے دہرا معیار اختیار کئے ہوئے ہے۔ اپنے خطاب میں صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ مسلمانوں کے مذہب، ایمان و عقیدے کے خلاف منظم سازش کرکے اسلام اور مسلمانوں کا مذاق اڑایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین، قانون اور انسانی حقوق کے منافی اقدامات کرکے پاکستان کی موجودہ حکومت دہشتگردوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے 60 ہزار شہید مسلمانوں کے ورثاء اور لواحقین کے زخموں پر نمک پاشی کر رہی ہے۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین کا مزید کہنا تھا سنی اتحاد کونسل کے بانی و قائد صاحبزادہ فضل کریم مرحوم نے قومی اسمبلی کے فلور پر دہشتگردی، بم دھماکوں، خودکش حملوں، اسلام اور ملک دشمن عناصر کے خلاف جو تجاویز پیش کی تھیں وہ آج بھی قابل عمل ہیں، ان پر عمل کرکے حکومت دہشتگردی کے خاتمے اور قیام امن کیلئے مؤثر کردار ادا کرسکتی ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان اسلام اور کلمے کے نام پر حاصل کیا گیا، مگر قیام پاکستان سے لیکر آج تک مخالفین نے مملکت خداداد پاکستان کو دل سے تسلیم ہی نہیں کیا اور ملک میں رہ کر پاکستان کے قومی شناختی کارڈ، پاکستانی پاسپورٹ اور ملکی کرنسی استعمال کرنے والے غیر ملکی دشمن قوتوں کے آلہ کار بن کر پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔
 
چیئرمین سنی تحاد کونسل نے کہا کہ بانیان پاکستان کے وارث اور امین ایٹمی پاکستان کے خلاف ہونیوالی سازشوں کے سامنے سینہ سپر ہیں، کسی غیر ملکی ایجنڈے کو پاکستان میں نہیں آنے دینگے اور اسلام اور ملک کے خلاف کی جانیوالی ہر سازش کا اسلامی، قومی، ملی اور ایمانی جذبے سے مقابلہ کرینگے۔ صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ ملک میں جمہوری حکومت ہونے کے باوجود اب تک مذاکرات کی منظوری پارلیمنٹ سے نہ لینا جمہوریت کی نفی ہے، مذاکرات کے حوالے سے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلا کر ملک، قوم اور عوام کو اعتماد میں لیا جائے، پارلیمنٹ سے باہر کے لوگوں کو مذاکراتی کمیٹیوں میں شامل کرنا غیر ملکی ایجنڈے کا تسلسل ہے، جسے قوم مسترد کرچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل، سنی بنارس کانفرنس انڈیا میں شریک علماء کرام و مشائخ اہلسنت کے پیروکاروں اور عوام اہلسنت کا اتحاد ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا کہا کہنا تھا کہ اتحاد و یکجہتی ہر محب وطن پاکستان کے دل کی آواز ہے، سنی اتحاد کونسل کی اسلام و ملک کیلئے قربانیاں اور خدمات روز روشن کی طرح عیاں ہیں، دہشتگردی کے خلاف عوام کی ترجمانی کا حق ادا کر رہے ہیں۔ اپنے خطاب کے آخر میں صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ قیام پاکستان کی تکمیل کے مقاصد کیلئے جدوجہد کرکے ملک میں نظام مصطفٰے کے نفاذ کی تحریک کو جاری اور زندہ رکھ کر اپنے قائدین و اکابرین، بزرگوں اور اسلاف کے نقش قدم پر چل کر پاکستان کو امن و استحکام کا گہوارہ بنائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 365185
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش