0
Sunday 31 Aug 2014 19:44
اسکردو کی فضاء گو نواز گو کے نعروں سے گونج اٹھی

وفاقی حکومت کے بہیمانہ تشدد کیخلاف بلتستان کی عوام بھی سراپا احتجاج

یادگار شہداء اسکردو پر مجلس وحدت کے زیراہتمام دھرنا جاری
وفاقی حکومت کے بہیمانہ تشدد کیخلاف بلتستان کی عوام بھی سراپا احتجاج
رپورٹ: میثم بلتی

وفاقی دارالحکومت میں گذشتہ شب سے نہتے مظلوم مظاہرین پر جاری بہیمانہ مظالم اور ریاستی دہشتگردی کے خلاف ملک بھر کی طرح بلتستان کے مختلف مقامات پر مجلس وحدت مسلمین اور پاکستان تحریک انصاف کے زیراہتمام احتجاج کیا گیا۔ اس سلسلے میں اسکردو میں امامیہ چوک پر مظاہرین نے ٹائر جلائے، سڑک بند کی اور وفاقی حکومت کے خلاف بھرپور نعرہ بازی کی۔ اس کے علاوہ گمبہ اسکردو میں مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام مالک اشتر چوک پر دھرنا دیا گیا۔ دھرنے سے سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم تحصیل گمبہ آغا صادق نوری، شیخ علی محمد کریمی، شیخ شبیر رجائی اور دیگر نے خطاب کیا۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے زیراہتمام یاد شہداء اسکردو پر جاری دھرنے میں پاکستان تحریک انصاف بلتستان کے رہنماوں اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ یاد شہداء پر جاری دھرنے سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماوں اور مجلس وحدت مسلمین کے رہنماوں نے خطاب کیا۔ ان میں علامہ آغا علی رضوی، علامہ مرزا یوسف حسین، علامہ شیخ احمد علی نوری، علامہ شیخ زاہد حسین زاہدی، سید اعجاز حسین موسوی اور دیگر شامل تھے۔

دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ اب نواز حکومت کو کوئی حق نہیں پہنچتا کہ جمہوریت کی بات کرے اور جمہوریت کے لبادہ میں غریب نہتے عوام کی کشتوں کے پشتے لگائے۔ حالیہ واقعے نے نواز حکومت کا چہرہ واضح کردیا ہے کہ وہ کس جمہوریت کے دعویدار ہیں۔ نواز کی جمہوریت کے لیے غریب عوام کے خون کی ضرورت ہوتی ہے آمروں کے گود میں پلے ہوئے شخص سے اور کیا توقع کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز حکومت کے حق میں تکفری اور دہشت گرد جماعتوں کی ریلیاں اور میڈیا پر انکی گیدڑ بھبکیاں اس بات کی دلیل ہیں کہ وہ دہشت گرد جماعتوں کی پشت پناہ حکومت ہے۔ تاریخ شاہد ہے کہ ملک میں جب ملک دشمن عناصر اور دہشتگردوں کے خلاف پاکستان آرمی نے آپریشن کا ارادہ کیا تو یہی نواز حکومت تھی جس نے دیگر جماعتوں کو ساتھ لے کر مذاکرات کا مذاق جاری رکھا اور دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کی راہ میں روڑے اٹکاتے رہے لیکن ہماری غیور افواج نے ان کو اعتماد میں لیے بغیر دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کر کے ملک کو استحکام کی راہ پر گامزن کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ نواز حکومت کی دہشتگرد تنظیم کے ساتھ گٹھ جوڑ اور نہتی عوام کے ساتھ خون کی ہولی کھیلنا ریاستی دہشتگردی ہے اور نواز حکومت پوری ریاست کے لیے خطرہ بن چکی ہے۔
خبر کا کوڈ : 407584
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش