0
Saturday 25 Jan 2014 12:00

مظفرآباد، ایم ڈبلیو ایم کے زیراہتمام عظیم الشان میلاد مصطفی (ص) کانفرنس

مظفرآباد، ایم ڈبلیو ایم کے زیراہتمام عظیم الشان میلاد مصطفی (ص) کانفرنس
 
     مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام مظفرآباد میں عظیم الشان میلاد مصطفی (ص) کانفرنس، ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم پاکستان علامہ محمد امین شہیدی، سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی خصوصی شرکت، آزاد کشمیر بھر کے شیعہ سنی عاشقان مصطفی (ص) کا ٹھاٹھیں مارات سمندر دربار عالیہ سہیلی سرکار پر امڈ آیا۔ آزاد کشمیر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ تمام مکاتب فکر کے علماء و عوام یکجا، نماز ظہر شیعہ سنی علماء و عوام نے مولانا فضل دین نظامی چشتی خطیب جامع مسجد دربار عالیہ سہیلی سرکار کی امامت میں باجماعت ادا کر کے اتحاد و وحدت کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔ پنڈال لبیک یا رسول اللہ (ص) ، لبیک یاحسین (ع) کے نعروں سے گونجتا رہا۔ قافلوں کی صورت میں ہٹیاں بالا، نیلم ویلی، باغ، میرپور اور مظفرآباد کے محلقہ علاقوں سے بڑی تعداد میں عاشقان مصطفی (ص) نے شرکت کی۔ مہمانوں کا پنڈال میں آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔

شیعہ سنی علماء کرام نے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر عملی وحدت کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ پیغام دیا کہ شیعہ سنی مسلمانوں کے درمیان تفرقہ ڈالنے کی اجازت کسی کو نہیں دیں گے۔ دربار سہیلی سرکار کے اطراف و پنڈال کو انتہائی خوبصورت انداز میں سجایا گیا تھا۔ ہر طرف رنگ برنگے جھنڈے، استقبالی بینرز، سبز پرچم اور مجلس وحدت مسلمین کے جھنڈے آویزاں تھے۔ سکیورٹی انتظامات وحدت سکائوٹس اور امامیہ سکائوٹس نے انجام دیئے۔ میڈیا کے نمائندے اور مختلف اینکرز میلاد مصطفی ص کی کوریج کے لیے موجود تھے۔ عظیم الشان میلاد مصطفی کانفرنس میں مختلف مکاتب فکر کے علماء کے علاوہ، ریاستی سماجی و سیاسی شخصیات، حکومتی نمائندے، سول سوسائٹی، تاجر، ڈاکٹرز اور وکلاء سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد موجود تھے۔

مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل و اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان کے سینئر ممبر علامہ محمد امین شہیدی نے ولولہ انگیز خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور اقدس (ص) جملہ انبیاء کی صفات و کمالات کا مجموعہ ہیں اور آپ کے ظہور کی وجہ سے دنیا بھر سے ظلمت و اندھیرے چھٹ گئے۔ آپ (ص) کی نور کی وجہ سے دنیا کا زرہ زرہ چمک اٹھا۔ چونکہ پیغمبر اسلام (ص) تمام انبیاء کے خاتم ہیں اس لیے اللہ تعالی نے خاتم کو تمام انبیاء کی صفات کا مالک بنا کر بھیجا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جناب محمد عربی (ص) کی ہستی وہ ہستی ہے کہ جس کی آمد کے بعد چرواہے شہنشاہ بن گئے، نطریات و معانی بدل گئے، اقدار، معاشرہ سب بدل گیا۔ وہ شخصیت کے جس نے ابوجہل، ابو سفیان اور ابولہب کے برابر ایک غلام بٹھا کر یہ درس دیا کہ انسانی مساوات کے اصول میں سب برابر ہیں۔ کسی انسان کی اہمیت کا معیار اس کی دولت یا خاندانی پس منظر نہیں بلکہ اس کے کردار کو قرار دیا، انسان کو انسان بننا سکھایا۔ 

علامہ شہیدی نے فرمایا کہ آنحضرت (ص) نے زندگی کے وہ اہم اصلوب دیئے جس کے نتیجے میں کوئی مسلمان تنہا نہیں بلکہ قوت ایمانی و اتحاد کی بدولت پوری دنیا پر غلبہ حاصل کرنے کی قوت رکھتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں کچھ ایسے گروہ موجود ہیں جو بظاہر تو اسلام کا نام لیتے ہیں لیکن ان کا پیغیمر اسلام کی تعلیمات اور اسوہ حسنہ سے کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں۔ 

سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ علامہ حامد رضا نے مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام منعقدہ میلاد کانفرنس سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مظفرآباد میں شیعہ سنی اتحاد مثالی اور خطہ کشمیر دہشت گردی کی لعنت سے پاک ہے۔ میں توقع رکھتا ہوں کہ یہاں کے تمام مکاتب فکر کے علماء و مقتدر شخصیات یہاں اتحاد و وحدت، امن و بھائی چارے کے لیے عملی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ اللہ تعالی نے اپنے رسول (ص) کو رحمت بنا کر بھیجا۔ آپ کا پیغام کسی ایک مکتب، کسی ایک مسلک، کسی گروہ یا ذات تک محدود نہیں بلکہ تمام انسانیت کے لیے ہے۔ لہذا تمام وہ مسلمان جو نبی اکرم (ص)  پر غیرمتزلز ایمان رکھتے ہیں انھیں چاہیے کہ وہ عشق مصطفی (ص) کے جذبے سے سرشار ہو کر تعلیمات نبوی (ص) پر عمل کریں۔
 
ایم ڈبلیو ایم آزادکشمیر کے سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور حسین نقوی نے میلاد مصظفی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میلاد پیغمبر السلام (ص) میں دلوں کا مسرور ہونا، ہاتھوں میں سبز پرچم لے کر یارسول اللہ (ص) کی صدائیں بلند کرنا، درود و سلام پڑھتے ہوئے سڑکوں پر نکل آنا، دراصل اللہ رب العزت کی اس عظیم نعمت کا شکر ادا کرنا ہے جو اس نے رسول (ص) کی صورت میں ہمیں عظا کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ آج کی میلاد کانفرنس اپنی نوعیت کا منفرد پروگرام ہے جس میں تمام مکاتب فکر کے علماء و زعماء شریک ہیں۔ ہم نے پاکستان کی شیعہ سنی اعلی قیادت کو بلا کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ آزاد کشمیر کی سرزمین امن ومحبت کی سرزمین ہے۔ شیعہ سنی مسلمانوں نے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر اتحاد و وحدت کا جو عملی مظاہرہ کیا یہ آنے والی نسلوں کے لیے عظیم مثال اور تاریخی پیغام کی حیثیت رکھتا ہے۔ ہم تمام مکاتب فکر کے غیور مسلمانوں سے اپیل کرتے ہیں کہ آئیں ہمارے اس کارواں کا حصہ بنیں، اختلافات کو چھوڑ کر امن و وحدت کا پرچار کریں۔ ہمارا مقصد امت رسول اقدس (ص) کو متحد کر کے عظیم طاقت بنانا ہے۔ 

میلاد مصطفی (ص) کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مفتی کفایت حسین نقوی، صاحبزادہ سلیم چستی، شبیر حسین بخاری، قاضی ابراہیم چشتی، علاہ اسحاق نقوی، مفتی عمار سعید رضوی، علامہ احمد علی سعیدی، علامہ طالب حسین ہمدانی، میجر ر بشیر حسین کاظمی، ڈویژنل صدر آئی ایس او برادر وقارکاظمی اور دیگر نے کہا کہ مظفرآباد کی سرزمین اولیاءاللہ کی سرزمین ہے، اولیاء اللہ نے تعلیمات رسالت مآب کی روشنی میں امن و بھائی چارے کا درس دیا ہے۔ مجلس وحدت مسلمین تاریخی میلاد مصطفی کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد کی مستحق ہے۔



خبر کا کوڈ : 344755
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش