0
Thursday 2 Oct 2014 20:25

ایم کیو ایم نے نواز حکومت کو گرفتاریوں کیخلاف احتجاج کا پیغام دے دیا

ایم کیو ایم نے نواز حکومت کو گرفتاریوں کیخلاف احتجاج کا پیغام دے دیا
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کی اعلیٰ قیادت نے شہر میں ایم کیو ایم کے خلاف گذشتہ کئی روز سے جاری آپریشن میں تیزی آنے اور کئی کارکنان کی گرفتاریوں پر نواز حکومت کو اپنا احتجاجی پیغام دے دیا۔ اطلاعات کے مطابق ایم کیو ایم کی قیادت نے وفاقی حکومت کے سیاسی رابطہ کار کو آگاہ کیا ہے کہ گذشتہ چند روز سے کراچی میں ایم کیو ایم کے خلاف آپریشن میں تیزی آگئی ہے، کارکنان کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور ان کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کیا جا رہا ہے، ان گرفتاریوں کے باوجود ایم کیو ایم نے صبر کی پالیسی اختیار کی ہوئی ہے اور ملکی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے احتجاجی آپشن استعمال کرنے سے گریز کیا جا رہا ہے۔ حکومت کو بھیجے جانے والے پیغام میں واضح کیا گیا کہ ان چھاپوں اور گرفتاریوں کے باعث ایم کیو ایم کے فلاحی ادارے خدمت خلق فائونڈیشن کو عید الاضحیٰ پر اپنی امدادی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے لئے کھالیں جمع کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے لہٰذا وفاقی حکومت اس صورت حال کا فوری نوٹس لے اور بلاجواز گرفتاریوں کا سلسلہ بند کرایا جائے۔

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد وفاقی حکومت، اعلیٰ حلقوں اور ایم کیو ایم کے درمیان حالیہ دنوں میں جو بعض مسائل پیدا ہوئے ہیں ان کو دور کرانے کے لئے ازسر نو تیزی سے رابطے کر رہے ہیں۔ گورنر سندھ معاملات سلجھانے کے لئے وفاقی حکومت کی اعلیٰ شخصیات سے مسلسل رابطے میں ہیں اور کوشش کی جا رہی ہے کہ بعض امور کے باعث جو مسائل پیدا ہوئے ہیں ان کو جلد از جلد ختم کرایا جائے، گورنر سندھ اس وقت نجی دورے بیرون ملک ہے اور وہ جلد وطن پہنچ رہے ہیں، ان کی واپسی کے بعد ان معاملات میں بہتری کی امید ہے۔ ایم کیو ایم کے ذرائع کے مطابق اگر وفاقی حکومت نے اس صورت حال پر فوری توجہ نہیں دی اور ایم کیو ایم کے تحفظات کو دور نہیں کیا گیا تو ایم کیو ایم کے دوبارہ کراچی سمیت ملک بھر میں دھرنے دینے اور احتجاج کا راستہ اختیار کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 412939
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش