0
Wednesday 23 Apr 2014 19:37

تحریک منہاج کے 2 کروڑ فرزندان توحید جی بی کے عوام کیساتھ ہیں، صاحبزادہ حسن محی الدین

تحریک منہاج کے 2 کروڑ فرزندان توحید جی بی کے عوام کیساتھ ہیں، صاحبزادہ حسن محی الدین
اسلام ٹائمز۔ تحریک منہاج القرآن پاکستان کی سپریم کونسل کے صدر صاحبزادہ حسن محی الدین نے عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان کی کال پر یادگار چوک اسکردو پر جاری تاریخی دھرنے کے نویں روز ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم جی بی کے غیور اور حقوق سے محروم عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور ان کے مطالبات کی تائید کرتے ہیں۔ آج ان بے ضمیر حکمرانوں نے گلگت  بلتستان کی عوام سے گندم چھینی ہے، کل یہ لوگ ان سے آزادی کے ساتھ جینے کا حق بھی چھین لیں گے۔ انہوں  نے کہا کہ گندم پر سبسڈی اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق یہاں کے عوام کا بنیادی حق ہے، اسے چھیننا ظلم ہے۔ عوام اس ظلم پر گذشتہ ایک ہفتے سے زائد عرصے سے سراپا احتجاج ہے۔ یہ ظلم صرف گلگت بلتستان کے عوام پر نہیں بلکہ حساس اور دفاعی اہمیت کے حامل اس سرحدی خطے کے عوام کو کرب میں مبتلا کرنا پورے ملک کو مشکل میں ڈالنے کے مترادف ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک منہاج کے دو کروڑ سے زائد فرزندانِ توحید دکھ بھری اس گھڑی میں آپ کے ساتھ ہیں۔ ایک ہفتے سے حساس نوعیت کے حامل اس خطے میں عوام سڑکوں پر ہے، لیکن افسوس صوبائی حکومت خواب غفلت میں ہے، ہم گلگت بلتستان کے عوام کی آواز کو ایوانوں اور دنیا تک پہنچانے کے لیے میڈیا پر بھی آواز بلند کریں گے اور اس سلسلے میں ہم آپ سب کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں  نے کہا کہ حقوق سے محروم اس خطے کے محروم اور غریب عوام سے سبسڈی چھیننے کی شدید مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں  کہ اقوام متحدہ کے قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے یہاں کے عوام کو دی جانے والی سبسڈیز بحال کی جائے اور عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات کو فوری طور پر منظور کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 375814
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش