0
Monday 2 Jul 2012 18:15

فرقہ واریت بلوچ قومی جدوجہد کو عالمی سطح پر بدنام کرنے کیلئے جاری ہے، جہانزیب جمالدینی

فرقہ واریت بلوچ قومی جدوجہد کو عالمی سطح پر بدنام کرنے کیلئے جاری ہے، جہانزیب جمالدینی
 اسلام ٹائمز۔ کوئٹہ بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی قائمقام صدر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی نے سریاب میں خواتین یونٹ کے افتتاح کے موقع پر کہا کہ بلوچ سیاست میں خواتین کا شامل ہونا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ بالخصوص موجودہ حالات میں اپنے بلوچ بھائیوں کے شانہ بہ شانہ جدوجہد کرنا باعث مسرت ہے۔ بی این پی ایک ترقی پسند روشن خیال بلوچ قومی جماعت ہے۔ جو علمی اور شعوری فکر و فلسفہ کے تحت اپنی جدوجہد کو آگے بڑھا رہی ہے۔ بلوچ خواتین کی پارٹی کے ساتھ وابستگی ضروری امر ہے۔ انہوں نے کہا بی این پی نے ہمیشہ بلوچ معاشرے میں فرسودہ قبائلی نظام اور نیم جاگیردارانہ سوچ کے خاتمے کیلئے جدوجہد کی ہے۔

ڈاکٹر جمالدینی نے اپنی رہائشگاہ پر وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں جاری مذہبی رجعت پسندی، فرقہ واریت اور تنگ نظری بلوچ خطے میں سیاسی عدم استحکام اور بلوچ قومی حق خود ارادیت کی جاری جدوجہد اور بلوچ قومی سوال کو عالمی سطح پر متزلزل بنانے کیلئے ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت تواتر کےساتھ جاری ہے۔ جس سے تاریخی بلوچ سرزمین عظیم جغرافیہ اور بلوچ قومی ساحل و وسائل پر قبضہ گیری کو وسعت دینے کیلئے چند ایک سیاسی جماعتوں اور شخصیات کا سہارا لے کر بلوچستان میں غیر منطقی سوالات اٹھا کر سیاسی، جمہوری عمل اور پر امن قومی روایتی ماحول کو پراگندہ بنانے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا بلوچستان کہ اپنے قدرتی وسائل، طویل ساحلی پٹی، عظیم جغرافیہ اور بلوچ سیاسی عمائدین اور نوجوانوں کی عملی جدوجہد اور قربانیوں کی بدولت عالمی سطح پر اہمیت کا حامل خطے کی حیثیت سے اپنی شناخت رکھتا ہے۔ جس میں بلوچستان میں بلوچستان نیشنل پارٹی اور بلوچ طلباء کی حقیقی قومی جدوجہد سیاسی رہنماؤں شہید حبیب جالب، آغا نوروز بلوچ، نورالدین مینگل، لیاقت مینگل، صالح بلوچ سمیت دیگر ہزاروں بلوچ نوجوانوں کی شہادت سے بلوچ قومی حق خودارادیت کی جاری جدوجہد کی عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور چند ایک غیر جانبدار عالمی اداروں کی لب کشائی سے خائف ہو کر بلوچ قومی تحریک اور بلوچ قوم کیخلاف زہر افشانی باعث افسوس عمل ہے۔

بلوچستان آج تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے۔ جہاں پر سیاسی کارکنوں اور نوجوانوں کی مسخ شدہ لاشوں کی برآمدگی ماورائے آئین و قانون اقدامات اور بلوچ قومی سیاسی جمہوری عمل کو بزور طاقت زیر کرنے کی کوشش اور بلوچ قوم کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی سازشوں کے خلاف قومی و جمہوری عمل کو پروان چڑھاتے ہوئے بی این پی کے پلیٹ فارم اور شہداء کی فکر اور فلسفے پر عمل پیرا ہو کر قومی جدوجہد میں اپنا کردار ادا کریں۔
خبر کا کوڈ : 175907
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش