0
Sunday 19 Oct 2014 23:09

اسکردو، محرم الحرام کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کے زیرصدارت اعلٰی سطحی اجلاس، اہم امور پر غور و فکر

اسکردو، محرم الحرام کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کے زیرصدارت اعلٰی سطحی اجلاس، اہم امور پر غور و فکر
رپورٹ: میثم بلتی

اسکردو میں محرم الحرام میں سکیورٹی انتظامات، امن و امان اور مذہبی رواداری کو قائم رکھنے کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس کا انعقاد ڈپٹی کمشنر اسکردو عابد علی کی صدارت میں ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے مختلف مکاتب فکر کے علماء کا کہنا تھا کہ بلتستان کے تمام مکاتب فکر کے علماء کے مابین بہترین ہم آہنگی اور ماہ محرم کے دوران مذہبی رواداری اور بھائی چارگی کی فضاء کو قائم و دائم رکھا جائے گا۔ تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام باہمی اتحاد کے ذریعے علاقے میں امن و امان کے لیے مل کر کام کریں گے۔ آپس کے چھوٹے موٹے تنازعات کو باہمی مشاورت کے ذریعے حل کریں گے۔ بلتستان صدیوں سے امن کا گہورا رہا ہے اور علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے انتظامیہ سے بھرپور تعاون کیا جائے گا۔ حکومت کی طرف سے کیے گئے انتظامات قابل تحسین ہیں۔
 
اجلاس میں قائم مقام ایس پی علی رضا اور چاروں سب ڈویژنوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، علمائے کرام اور امن کمیٹی کے اراکین موجود تھے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے علمائے کرام اور امن کمیٹی کے اراکین کو ضلعی انتطامیہ کی طرف سے محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات اور لائن ڈپارٹمنٹ کے ساتھ اجلاس میں کیے گئے فیصلے اور مجلس اور جلوس کے لیے کیے گئے خصوصی انتظامات کے بارے تفصیلات بیان کیے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے حوالے سے ہر سال ضلعی سطح پر امن کمیٹی کا اجلاس ہوتا ہے اسی سلسلے میں آج کے اجلاس کا مقصد یہی ہے کہ ماہ مقدس کے دوران امن اور بھائی چارگی کی فضاء کو قائم و دائم رکھیں، عوام اور عزاداروں کی جان ومال کا تحفظ ہو اور عزاداری پرامن طریقے سے منائی جائے۔
 
ڈپٹی کمشنر اسکردو نے اجلاس میں بتایا کہ ضلع اسکردو میں 432 مقامات پر مجالس منعقد ہوں گی ان میں سب ڈویژن اسکردو میں 253، سب ڈویژن شگرمیں 208 مقامات، سب ڈویژن کھرمنگ میں 91 اور سب ڈویژن روندو میں 81 مقامات پر مجالس اور ماتم ہونگے۔ سات سے چودہ محرم تک ضلع اسکردو کے تمام سب ڈویژنوں میں علم اور ذوالجناح کے جلوس برآمد ہونگے۔ انہوں نے کہا کی ضلع اسکردو خاص کر ٹاؤن ایریا میں محرم الحرام کے دوران پانی، بجلی اور آٹے کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اس کے علاوہ صفائی کے نظام کو بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انٹری پوائنٹس پر بھی سکیورٹی کا نظام سخت کیا گیا ہے۔ نو اور دس محرم کو انٹری پوائنٹس پر سکیورٹی موثر کر دی جائے گی۔ اس کے علاوہ جلوس کے روایتی راستوں پر بھی سکیورٹی موثر کی جائے گی۔ محرم جلوس میں محکمہ صحت کی ٹیمیں مکمل میڈیکل کور فراہم کریں گی۔ اس کے علاوہ ہوٹلوں کی چیکنگ اور غیر مقامی افراد کی چیکنگ کو بھی فول پروف بنایا جا رہا ہے۔ اجلاس میں اسکردو کے چاروں سب ڈویژنوں کے اسسٹنٹ کمشنروں نے جلوس کی تفصیلات، روایتی روٹس اور سکیورٹی انتظامات اور ماتمی انجمنوں کے ساتھ ہونے والے اجلاسوں، اہم اور حسّاس نوعیت کے مقامات کی نشاندہی کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلع اسکردو چونکہ پرامن خطہ ہے اور یہاں پر رہنے والے لوگ صدیوں سے پرامن رہے ہیں ان کے درمیان باہمی معمولی نوعیت کے اختلافات کو ختم کرنے کے لیے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام اور ضلعی امن کمیٹی کے اراکین کردار ادا کرینگے اور ان مسائل کو بہتر انداز میں حل کرینگے۔
 
اجلاس میں شگر گلاب پور میں دو مکاتب فکر کے درمیان بہتر تعلقات پیدا کرنے کے لیے عمران ندیم، غلام علی حیدری اور بشیر احمد خان پر مشتمل ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی۔ اس کے علاوہ امن کمیٹی کے اراکین بھی تمام سب ڈویژنوں کا دورہ کر کے لوگوں کو اتحاد اور اتفاق قائم رکھنے کابھی درس دینگے۔ اس سلسلے میں تمام سب ڈویژنوں کے اسسٹنٹ کمشنرز پہلے ہی ورکنگ پیپرز بھی تیار کرینگے۔ اجلاس کے آخر میں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی اور سب ڈویژنوں کی سطح پر کنٹرول رومز بھی قائم کیے جائینگے جہاں ضروری سروسز مہیا کرنے والے تمام اداروں کے اہل کار بھی موجود ہونگے۔ انہوں نے علاقے میں پرامن حالات کے قیام میں علمائے کرام کے رول کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ علمائے کرام علاقے میں پرامن ماحول اور اسلامی بھائی چارگی کے قیام کے لیے انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھرپور تعاون کرینگے۔
خبر کا کوڈ : 415289
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش