0
Wednesday 22 Oct 2014 09:11

کشمیریوں کے ساتھ بھارت اور اسکی کٹھ پتلی انتظامیہ کا رویہ سفاکانہ ہے، یاسین ملک

کشمیریوں کے ساتھ بھارت اور اسکی کٹھ پتلی انتظامیہ کا رویہ سفاکانہ ہے، یاسین ملک
اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر میں جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا کہ ایک طرف قابض حکمرانوں نے حالات کی خرابی کو وجہ بناتے ہوئے طالب علموں کے امتحانات ملتوی کیے ہیں لیکن دوسری طرف یہ لوگ نام نہاد انتخابات کروانے کے لئے بے تاب نظر آ رہے ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے سرینگر کے سیلاب متاثرہ علاقے باغ نندسنگھ چھتہ بل میں متاثرین سے گفتگو کے دوران کہا کہ بھارت اور اس کی کٹھ پتلی انتظامیہ کا رویہ غیر انسانی ہے اور کشمیریوں کے ساتھ مخاصمانہ اپروچ کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دوہرا پن اور منافقانہ سیاست کاری دراصل بھارت اور اس کے ریاستی کٹھ پتلیوں کے کشمیریوں کے ساتھ سفاکانہ رویے کو ظاہر کرتا ہے۔ 

یاسین ملک نے کہا کہ اس سے پتہ چلتا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنے ناجائز تسلط کو دوام بخشنے اور علاقے میں اس کے کٹھ پتلی اقتدار حاصل کرنے کیلئے کس درجہ نیچے گر سکتے ہیں۔ یاسین ملک نے متاثرین سیلاب میں امدادی اشیاء تقسیم کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب کے 45 دن گزرنے کے باوجود متاثرہ لوگ بدترین صورت حال میں رہنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہاکہ لاکھوں لوگ بے گھر ہو چکے ہیں اور وہ آج بھی کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں اور آنے والی سخت ترین سردی کے ایام میں ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔ 

یاسین ملک نے کہا کہ ایسے سخت ترین حالات میں متاثرین کی آباد کاری اور بہبود کے لیے سوچنے کے برعکس بھارت اور مقبوضہ علاقے میں اس کے کٹھ پتلی نام نہاد انتخابی سیاست کو گرمانے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ اقتدار کی ہوس میں اتنے اندھے ہو گئے ہیں کہ انہیں انسانی زندگیوں کو لاحق خطرات سے کوئی سروکار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اس سفاک رویے کے خلاف نبرد آزما تھے اور رہیں گے اور متاثرین کی مکمل بحالی تک ہم اپنے جذبوں اور کاوشوں میں کمی نہیں آنے دے سکتے۔
خبر کا کوڈ : 415856
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش